پاکستان میں 6 سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کی خوشی کو قومی ٹیم نے زمبابوے کیخلاف میچ جیت کر دوبالا کر دیا، قذافی سٹیڈیم کی تاریخ کا پہلا انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی میچ پاکستان نے 5 وکٹوں سے جیت لیا‘ زمبابوے کے جیت کیلئے دئیے 173 رنز کا ہدف پاکستان نے 5وکٹوں کے نقصان پر مختار احمد کے 83 اور احمد شہزاد کے 55 رنز کی بدولت 3 گیندیں پہلے حاصل کر لیا‘ صدر مملکت مہمان خصوصی تھے‘شائقین کا جوش و خروش دیدنی تھا ‘ سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات‘ شاندار 83 رنز کی اننگز کھیلنے پر مختار احمد مین آف دی میچ قرار،صدر ممنون حسین ‘ وزیر اعظم نوازشریف‘ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف ‘ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سمیت مختلف شخصیات کی جیت پر قومی ٹیم کو مبارکباد

ہفتہ 23 مئی 2015 06:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23 مئی۔2015ء) پاکستان میں 6 سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کی خوشی کو قومی ٹیم نے زمبابوے کیخلاف میچ جیت کر دوبالا کر دیا‘ قذافی سٹیڈیم کی تاریخ کا پہلا انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی میچ پاکستان نے 5 وکٹوں سے جیت لیا‘ زمبابوے کی جانب سے جیت کیلئے دیا گیا 173 رنز کا ہدف پاکستان نے 5وکٹوں کے نقصان پر مختار احمد کے 83 اور احمد شہزاد کے 55 رنز کی بدولت 3 گیندیں پہلے حاصل کر لیا ‘ زمبابوین کپتان ایلٹن چگمبرا کی نصف سنچری اور مسکڈزا کے 43 رنز کی بدولت زمبابوے کے 173 رنز ‘ پاکستان کی جانب سے محمد سمیع نے 3‘ وہاب ریاض نے 2 وکٹیں حاصل کیں‘ صدر مملکت مہمان خصوصی تھے‘گراؤنڈ میں 27 ہزار سے زائد تماشائیوں نے میچ دیکھا‘ پنجاب پولیس کی روایتی کارکردگی‘ پی سی بی حکام کا پولیس کی جانب سے پیسے لے کر بغیر ٹکٹ تماشائیوں کو گراؤنڈ میں داخل کروانے کا الزام ‘احسن رضا اور شازب رضا نے میچ سپر وائز کیا‘پاکستان کی جانب سے مختار احمد کا ڈیبیوکیا‘پاکستان کی جانب سے 6 سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی پر قومی گراؤنڈ پر پہلی گیند انور علی نے پھینکی ‘ پہلی وکٹ محمد سمیع نے حاصل کی‘ پاکستان کی طرف سے پہلا رن مختار احمد نے بنایا‘شائقین کا جوش و خروش دیدنی تھا ‘ سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات‘ شاندار 83 رنز کی اننگز کھیلنے پر مختار احمد مین آف دی میچ قرار‘ صدر ممنون حسین ‘ وزیر اعظم نوا زشریف‘ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف ‘ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سمیت مختلف شخصیات کی جیت پر قومی ٹیم کو مبارکباد ۔

(جاری ہے)

جمعہ کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں شائقین کا جوش و خروش دیدنی تھا زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مسکڈزا اور سبانڈا نے اننگز کا آغاز کیا اور پاکستانی باؤلرز کی دل کھول کر پٹائی کی۔ پاکستان کو پہلی کامیابی سبانڈا کی صورت میں 58 کے سکور پر ملی وہ 13 رنز بنا کر محمد سمیع کی گیند پر وکٹ کیپرسرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

زمبابوے کو دوسرا نقصان اگلی ہی گیند پر مسکڈزا کی صورت میں اٹھانا پڑ ا وہ 43 رنز کی اننگز کھیل کر بولڈ ہو گئے۔ اس کے بعد پاکستان کو تیسری کامیابی 73 کے مجموعی سکو رپر حاصل ہوئی اور چارلس کونٹری 14 رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ زمبابوے کو چوتھا نقصان ولیم سن کی صورت میں 100 کے مجموعی سکور پر اٹھانا پڑا وہ 16 رنز بنا کر شعیب ملک کا نشانہ بنے۔

اس موقع پر سکندر رضا نے کپتان ایلٹن چگمبورا کے ساتھ مل کر سکور کو 142 تک پہنچایا تاہم وہ بھی 17 رنز بنا کر محمد سمیع کا شکار بن گئے۔ اور کپتان 54 رنز بنا کر آخری اوور میں وہاب ریاض کا شکار ہوئے۔ زمبابوے نے مقررہ 20اوو رز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بنائے۔ کپتان ایلٹن چگمبرا کی نصف سنچری اور مسکڈزا کے 43 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے محمد سمیع نے 3‘ وہاب ریاض نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان کی طرف سے ڈیبیو کرنے والے مختار احمد اور احمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا اور ٹیم کو فلائنگ سٹارٹ فراہم کیا ۔ مختار احمد نے جارحانہ بلے انداز اختیار کیا اور محض 26 گیندوں پر 10 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے نصف سنچری مکمل کر لی ۔ دوسرے اینڈ پر احمد شہزاد نے بھی جارحانہ انداز اختیار کر لیا اور کھل کر وکٹوں کے چاروں اطراف شارٹس کھیلے ۔

پاکستان کو پہلا نقصان 142 کے مجموعی سکور پر احمد شہزاد کی صورت میں اٹھانا پڑا وہ 39 گیندوں پر 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 55 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد پاکستان کو دوسرا نقصان144 کے مجموعی سکور پر مختار احمد کی صورت میں اٹھانا پڑا وہ 45 گیندوں پر12 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 83 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ زمبابوے کو تیسری کامیابی 157 رنز پر محمد حفیظ کی صورت میں ملی پروفیسر ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی چوتھی وکٹ عمر اکمل کی صورت میں 162مجموعی سکور پر گری وہ 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد زمبابوے کو پانچویں کامیابی آخری اوور کی چوتھی گیند پر شعیب ملک کی صورت میں ملی وہ 7 رنز بنا کر 169 کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہوئے۔ اس موقع پر پاکستان کو جیت کیلئے4 گیندوں پر 4 رنزدرکار تھے تاہم کپتان شاہد آفریدی نے پہلی ہی گیند پر چوکا لگا کر پاکستان کو فتح سے ہمکنار کرایا۔

شاندار بیٹنگ پر ڈیبیو کرنے والے مختار احمد کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ میچ کی خاص بات میچ سے قبل تقریب کا انعقاد تھا جس کے مہمان خصوصی صدر مملکت ممنون حسین تھے ۔ واضح رہے کہ قذافی سٹیڈیم کی تاریخ کا پہلا انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی میچ تھا۔ گراؤنڈ میں 27 ہزار سے زائد تماشائیوں نے میچ دیکھا‘ پنجاب پولیس کی روایتی کارکردگی‘ پی سی بی حکام کا پولیس کی جانب سے پیسے لے کر بغیر ٹکٹ تماشائیوں کو گراؤنڈ میں داخل کروانے کا الزام بھی سامنے آیا۔

امپائراحسن رضا اور شازب رضا نے میچ سپر وائز کیا جبکہ پاکستان کی جانب سے مختار احمد کا ڈیبیو کیا۔ پاکستان کی جانب سے 6 سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی پر قومی گراؤنڈ پر پہلی گیند انور علی نے پھینکی ‘ پہلی وکٹ محمد سمیع نے حاصل کی‘ پاکستان کی طرف سے پہلا رن مختار احمد نے بنایا۔