ورلڈ ہاکی لیگ میں پاکستان کو آئرلینڈ کے ہاتھوں شکست ،پاکستان ہاکی کے 2016ء اولمپکس میں شامل ہونے کے تمام سنہری خواب چکنا چور ، قومی ہاکی ٹیم کی بدترین کارکردگی ، سلیکشن کمیٹی کے رکن خالدبشیرنے کااستعفیٰ دیدیا،وزیراعظم نوازشریف ہاکی فیڈریشن سے کرپٹ مافیاکاخاتمہ کردیں ،اپیل

ہفتہ 4 جولائی 2015 08:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4 جولائی۔2015ء) بیلجئم میں ہونے والی ورلڈ ہاکی لیگ میں پاکستان کو بڑی اہمیت کے حامل میچ میں آئرلینڈ کے ہاتھوں ایک گول سے جو ہزیمت اٹھانی پڑی اس کے ساتھ ہی پاکستان کی ہاکی کے 2016ء اولمپکس میں شامل ہونے کے تمام سنہری خواب چکنا چور ہو کر رہ گئے۔ کسی بھی قوم کیلئے یہ شکست ایک سانحے سے کم نہیں ہوگی کیونکہ پاکستان ہاکی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اولمپک گیمز میں شرکت نہیں کر سکے گا۔

گزشتہ روز انٹیورپ میں کھیلے جانے والے میچ میں پہلے 3 کوارٹرز میں مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا جبکہ چوتھے کوارٹر کے شروع میں ہی آئرلینڈ کے ایس ایلسن نے پنیلٹی کارنر پر گول کر کے اپنی ٹیم کو سبقت دلوا دی۔ پاکستانی کھلاڑی کوشش کے باوجود کوئی بھی گول کرنے میں ناکام رہے۔

(جاری ہے)

تمام میچوں کے دوران پاکستانی کھلاڑیوں کا کھیل مایوس کن رہا۔

اس ناکامی پر بات کرتے ہوئے سابق اولمپئن نوید عالم نے کہا کہ ان نتائج کا ان کو پہلے ہی سے ادراک تھا کیونکہ کھلاڑیوں کا مورال ڈاؤن دکھائی دیتا تھااور یہ بات بھی غور طلب ہے کہ اس بڑی طریقے سے ہارنے میں پیٹرن انچیف وزیراعظم کو اس کا نوٹس لینا ہوگا کہ پی ایچ ایف کے صدر اور سیکرٹری بیلجئم میں بیٹھے کیا کر رہے تھے کہ وہ اپنے کھلاڑیوں کو اعتماد اور ان کا حوصلہ بھی نہ بحال کر سکے۔

اگر ان کی آنکھوں کے سامنے کھلاڑیوں کی یہ حالت تھی تو ان کے ساتھ جانے کا کیا فائدہ تھا۔ ماسوائے کہ حکومت کا پیسہ ضائع کرنے کے۔ لہٰذا اس قومی کھیل کے ساتھ جو کھلواڑ ہوا ہے ایسے میں حکومت اور ہاکی فیملی کو سنجیدگی سے سوچنا ہوگا۔ اب ڈنگ ٹپاؤ پالیسیوں سے کام نہیں چلے گا۔ ہاکی کے مستقبل کو سدھارنے کیلئے جامع قسم کی حکمت عملی تیار کرنی ہوگی۔

نوید عالم نے کہا کہ دیکھنے کی یہ بات ہے کہ پاکستان ہاکی جس کا ہاکی کی دنیا میں طوطی بولتا تھا اب کس نہج پر آ گئی ہے اور اس کو یہاں تک پہنچانے میں کس کا کردار ہے۔ جو ایسویس ایشن اور کلبز کھلاڑی پیدا کرتی تھیں وہ اب نظر نہیں آتیں جبکہ فیڈریشن پر جن لوگوں کا قبضہ ہے ان کا تعلق ایک ہی شہر اور صوبے سے ہے۔ اب کھلاڑیوں میں سپر سٹار کیا کوئی سٹار بھی نظر نہیں آتا۔

یہ لمحہ فکریہ ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی سلیکشن کمیٹی کے رکن خالدبشیرنے اپنے عہدے کااستعفیٰ دیدیاہے ۔تفصیلات کے مطابق پاکستانی ہاکی فیڈریشن کی سلیکشن کمیٹی کے رکن خالدبشیرنے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیکروزیراعظم نوازشریف سے اپیل کی ہے کہ ہاکی فیڈریشن سے کرپٹ مافیاکاخاتمہ کردیں ۔انہوں نے کہاکہ ہاکی ٹیم کی بدترین کارکردگی کے باعث استعفیٰ دیا،پاکستان ہاکی کی جانب سے آج سیاہ ترین دن ہے ،ان کاکہناتھاکہ ہاکی فیڈریشن سے کب سے بک تک پسنداورناپسندکاوقت ختم ہوجائے گا۔ان کاکہناتھاکہ انہیں بہت افسوس ہے کہ ہاکی ٹیم پہلی باراولمپکس سے باہرہوئی ،وہ قومی ٹیم کے انتخاب کے موقع پراحتجاجاًشریک نہیں ہوئے تھے