آفریدی نے ورلڈ ٹی 20 کپ 2016ء کو مدنظر رکھتے ہوئے سرفراز کو نہیں کھلایا ، ٹی 20کپتان ورلڈ کپ سے قبل نئے لڑکوں کو موقع دے کا اچھی ٹیم تشکیل دینا چاہتے ہیں سرفرا ز ورلڈ ٹی 20میں نائب کپتان ہیں بلکہ آفریدی کے بعد کپتانی کے مضبوط امیدوار بھی ہیں ،رپورٹ

اتوار 2 اگست 2015 08:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2 اگست۔2015ء) پاکستانی وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد کو سری لنکا کے خلاف دونوں ٹی ٹوئنٹی میچز میں شامل نہ کئے جانے پر ان کے پرستار خاصے ناراض دکھائی دیتے ہیں، سرفراز احمد کو ڈراپ کرنے پرسارا غصہ کوچ وقار یونس پر نکالا جا رہا ہے لیکن ٹیم ذرائع کے مطابق سرفراز کو نہ کھلانے کا فیصلہ شاہد آفریدی نے کیا اور انہوں نے سرفراز احمد کو اعتماد میں لے کر یہ فیصلہ کیا۔

سرفراز احمد کو ورلڈ کپ کے ابتدائی میچز میں ٹیم کا حصہ نہیں بنایا گیا تھا جس پر کوچ وقار یونس اور کپتان مصباح الحق کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ایسی خبریں بھی سامنے آئی تھیں کہ سرفراز احمد کی کوچ کے ساتھ کسی بات پر تلخ کلامی ہوئی جس پر انہیں ٹیم کا حصہ نہ بنایا گیا لیکن وقار یونس اور خود سرفراز نے اس کی تردید کی۔

(جاری ہے)

اب سرفراز سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی تینوں فارمیٹس میں منتخب ہوئے، انہوں نے ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز تو کھیلی لیکن ٹی ٹوئنٹی میں ان کی جگہ وکٹ کیپر محمد رضوان کو شامل کیا گیا۔

اس حوالے سے نہ صرف سوشل میڈیا پر ٹیم مینجمنٹ اور باالخصوص وقار یونس کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا بلکہ ایک دو چینلز نے تو باقاعدہ ماتم کے انداز میں اس پر پیکج بنا کر بھی چلا دیئے۔ سرفراز کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں بھی شامل نہیں کیا گیا لیکن حیران کن طور پر یہ بات سامنے آئی ہے کہ سرفراز احمد کو ڈراپ کرنے کا فیصلہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے کپتان شاہد آفریدی نے کیا۔

شاہد آفریدی کو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2016 تک ٹیم کی قیادت سونپی گئی ہے اور انہوں نے ٹیم مینجمنٹ اور چیئرمین پی سی بی سے درخواست کر رکھی ہے کہ انہیں بہترین ٹیم بنانے کیلئے اپنی مرضی کے فیصلے کرنے دیئے جائیں۔ سرفراز احمد کو ٹی ٹوینٹی پلیئنگ الیون میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ بھی شاہد آفریدی نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2016 کو سامنے رکھ کر کیا۔ شاہد آفریدی کے مطابق وہ ورلڈ کپ سے قبل بیسٹ الیون کا انتخاب کرنا چاہتے ہیں اور اسی وجہ سے انہوں نے سرفراز کو باہر بٹھا کر محمد رضوان کو موقع دیا۔

ذرائع کے مطابق سرفراز احمد کی ٹی ٹوئنٹی سکواڈ میں جگہ پکی ہے، وہ نہ صرف اس فارمیٹ میں نائب کپتان ہیں بلکہ شاہد آفریدی کے بعد انہیں ہی کپتانی کا بھی مضبوط امیدوار سمجھا جا رہا ہے لیکن شاہد آفریدی نے محمد رضوان اور دیگر کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے سرفراز کو بنچ پر بٹھایا، اس فیصلے کے حوالے سے انہوں نے سرفراز کو پہلے ہی بتا دیا تھا۔