دورہ روزہ ٹور میچ : انگلینڈ کا پاکستان اے کے خلاف شاندار باوٴلنگ کارکردگی کا مظاہرہ، حریف ٹیم کو 192 رنز تک محدود کر کے پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل پاکستان کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی،عدنا ن اکمل 74 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، عمر امین نے 39رنز بنائے ، اسٹیو فن کی تباہ کن باؤلنگ ، گیارہ اوورز میں صرف پانچ رنز دے کر چار وکٹیں لیں

جمعہ 9 اکتوبر 2015 08:20

شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9اکتوبر۔2015ء) انگلینڈ نے پاکستان اے کے خلاف شاندار باوٴلنگ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ٹیم کو 192 رنز تک محدود کر کے پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل پاکستان کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا اور ایک موقع پر پاکستانی اے ٹیم 47 رنز پر پانچ وکٹیں گنوا کر شدید مشکلات سے دوچار تھی۔

اس تباہی کے ذمے دار انگلش فاسٹ باوٴلر اسٹیون فن تھے جنہوں نے اپنے شاندار اسپیل کے دوران گیارہ اوورز میں صرف پانچ رنز دے کر چار وکٹیں لیں۔اس موقع پر سمیع اسلم اور عمر امین نے اسکور کو 73 تک پہنچایا لیکن اوپننگ بلے باز 43 رنز بنانے کے بعد عادل راشد کو وکٹ دے بیٹھے۔عمر امین اور عدنان اکمل نے پاکستانی بیٹنگ لائن کو سہارا دیا اور ساتویں وکٹ کیلئے 82 رنز کی شراکت قائم کر کے اسکور کو 156 تک پہنچا دیا۔

(جاری ہے)

عمر آؤٹ ہونے والے ساتویں کھلاڑی تھے جو 39 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔خرم منظور، عثمان صلاح الدین اور علی اسد کو ایک بار پھر صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا گیا لیکن وہ اس بار بھی ناکام رہے جبکہ ظفر گوہر کی اننگ چھ رنز پر تمام ہوئی اور احسان عادل کوئی رن نہ بنا سکے۔پاکستان اے ٹیم نے دن بھر میں 12 بلے بازوں کو آزمایا لیکن اس کے باوجود دن اختتام تک 87.5 اوورز میں وہ 192 رنز ہی بنا سکے، عدنا ن اکمل 74 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

متعلقہ عنوان :