چھ سال سے پیاسے پاکستانی میدان آج سیراب ہونگے

6 Saal K Piyase Pakistani Maidaan Aj Seeraab Hoon Ge

پاکستان اور زمبابوے کا پہلا ٹی ٹونٹی معرکہ آج قذافی سٹیڈیم میں ہوگا۔۔۔۔ سات بجے شروع ہونیوالے میچ کیلئے سخت سکیورٹی انتظامات، سابق کرکٹرز پی سی بی سے ناراض

Ejaz Wasim Bakhri اعجاز وسیم باکھری جمعہ 22 مئی 2015

6 Saal K Piyase Pakistani Maidaan Aj Seeraab Hoon Ge
چھ برسوں کے طویل انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے کوہیں، پاکستان اورزمبابوے کے مابین پہلا ٹی ٹونٹی میچ آج کھیلا جائیگا، دونوں ٹیموں کے کپتانوں شاہد آفریدی اور ایلٹن چیگمبرا نے ٹرافی کی رونمائی کردی۔مہمان کپتان کہتے ہیں کہ ان کے کھلاڑی لاہور کے موسم میں ایڈجسٹ ہوگئے ہیں۔قذافی سٹیڈیم میں پاک زمبابوے سیریز کیلئے سکیورٹی انتظامات مزید سخت کردئیے گئے ہیں جبکہ پہلے ٹی ٹونٹی میچ کے تمام ٹکٹس بھی فروخت ہوگئے ہیں۔

ٹی ٹونٹی سیریز کی ٹرافی کی نقاب کشائی قذافی سٹیڈیم میں کی گئی جس میں قومی کپتان شاہد آفریدی اور زمبابوین کپتان ایلٹن چیگمبرا نے شرکت کی۔شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کا انتخاب میرٹ پر ہوا ہے تاہم محدود اوورز کی کرکٹ میں کسی ٹیم کو کمزور نہیں سمجھا جاسکتا، مقابلہ سخت بھی ہوگا اور دلچسپ بھی۔

(جاری ہے)

زمبابوین کپتان ایلٹن چیگمبرا نے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سکیورٹی سے مطمئن ہیں اور صرف کرکٹ پر توجہ ہے، لاہور کا موسم گرم ضرور ہے لیکن اُن کے کھلاڑی گزشتہ دو روز میں موسم میں ایڈجسٹ ہوگئے ہیں۔

پاک زمبابوے ٹی ٹونٹی سیریز کے دونوں میچز کے تمام ٹکٹس فروخت ہوگئے ہیں جبکہ پولیس نے سکیورٹی بھی مزید سخت کردی ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین جمعہ کی شام سات بجے افتتاحی معرکہ کھیلا جائیگا۔پاکستان اور زمبابوے کے مابین پہلے ٹی ٹونٹی میچ کے مہمان خصوصی صدر مملکت ممنون حسین ہونگے ، صدر پاکستان سے دونوں ٹیموں کا تعارف کرایا جائیگا۔صدر پاکستان ملک میں چھ سال بعد پہلے انٹرنیشنل کرکٹ مقابلے کا بھی افتتاح کرینگے جبکہ شاہد آفریدی اور ایلٹن چیگمبرا کی قیادت میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کابھی صدر مملکت سے تعارف کرایا جائیگا۔

صدر مملکت کی آمد کے پیش نظر قذافی سٹیڈیم میں شائقین کو وقت سے پہلے سٹیڈیم آنے کی ہدایت کی گئی ہے کیونکہ سخت سکیورٹی انتظامات کی وجہ سے تاخیر سے آنیوالے شائقین سٹیڈیم میں داخل نہیں ہوپائیں گے۔دونوں ٹیموں کے افتتاحی میچ سے قبل قذافی سٹیڈیم میں افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا جائیگا جس میں نامور گلوکارہ عینی اور علی ظفر کی شرکت متوقع ہے ۔

افتتاحی تقریب کا آغاز پانچ بجے ہوگا جبکہ پی سی بی نے سکیورٹی حکام سے مشاورت کے بعد چھ بجے تمام گیٹس بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ میچ کا ٹاس ساڑھے6 بجے ہوگا جبکہ میچ کا آغاز 7 بجے ہوگا۔ پی سی بی نے ہدایت کی ہے کہ ٹکٹ رکھنے والے شائقین چھ بجے سے پہلے سٹیڈیم پہنچیں ، چھ بجے کے بعد سٹیڈیم کے تمام دروازے بند کردئیے جائیں گے۔پہلے ٹی ٹونٹی میچ سے قبل دونوں ٹیموں نے قذافی سٹیڈیم میں بھرپور پریکٹس کی۔

قومی ٹیم کے وکٹ کیپر سرفراز احمد چھ گھنٹے تاخیر سے لاہور پہنچے اور وہ کیمپ میں شامل ہوگئے اور تربیتی کیمپ میں انہوں نے وکٹ کیپنگ اور بیٹنگ پریکٹس کی۔ قومی ٹیم کے چیف کوچ وقاریونس نے کھلاڑیوں کو باؤلنگ پریکٹس کی جبکہ مشتاق احمد سپین باؤلرز کے ساتھ محنت کرتے نظر آئے، گرانٹ فلاور نے بلے بازوں کے ساتھ نیٹ پریکٹس میں وقت گزارا، قومی ٹیم کے کھلاڑی پرعزم ہیں کہ وہ زمبابوے کیخلاف سیریز میں کامیابی حاصل کرکے بنگلہ دیش کیخلاف ہونیوالی ناکامی کا ازالہ کریں گے۔


چھ سال بعد کرکٹ تو واپسی آئی لیکن پی سی بی نے سابق کرکٹرز کو بھی خفا کردیا، صرف دو پاسز بھیجنے پر سابق کرکٹرز نے میچز نہ دیکھنے کا فیصلہ کرلیا، عبدالقادر کا کہنا ہے کہ شائقین کے سٹینڈز کے پاسز دینا ٹیسٹ کرکٹر کی تحضیک ہے۔پی سی بی کی جانب سے زمبابوے کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے سابق قومی کرکٹرز کو دو ، دو پاسز بھیج دیئے ہیں جس پر ماضی کے کرکٹرز ناراض ہوگئے ہیں۔

کرکٹ بورڈ نے سابق ٹیسٹ کرکٹرز کو عمران خان انکلوژر کے دو، دو پاسز بھیجے ہیں جس پر سابق کپتان عبدالقادر نے میچز نہ دیکھنے کا اعلان کردیا ہے۔ سٹی فورٹی ٹو سے ٹیلی فوننک گفتگوکرتے ہوئے عبدالقادر نے کہاکہ کرکٹ بورڈ عام شائقین کے سٹینڈز والے پاسز بھیج کر سابق کپتانوں اور کرکٹرز کی توہین کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ دنیابھر میں سابق کرکٹرز کو عزت دی جاتی ہے لیکن پی سی بی پاکستان میں اپنے قومی ہیروز کی تذلیل کرتا ہے۔عبدالقادر نے کہاکہ وہ احتجاجاً میچز دیکھنے نہیں جائیں گے جبکہ سابق ٹیسٹ کرکٹر اکرم رضا نے بھی شکوہ کیا کہ پبلک سٹینڈز کے ٹکٹ بھیجنا غیرمناسب ہے۔

مزید مضامین :