اعصام الحق نے فاہا مخدوم کو ”لائف پارٹنر“ بنا لیا

Aisam Ul Haq Ne Faha Makhdum Ko Life Partner Bana Liya

ٹینس کیرئیر میں مختلف جوڑیاں بناکر بے شمار ڈبلزٹائٹل جیتنے والے قومی ٹینس سٹار کا زندگی کا اہم میچ شروع زندگی کا نیا سفر شروع کرنے پر خوش ہوں :ٹینس سٹار، اعصام جیسا ہمسفر ملنا میری خوش قسمتی ہے،نئی جوڑی کی اُردوپوائنٹ سے خصوصی گفتگو

منگل 20 دسمبر 2011

Aisam Ul Haq Ne Faha Makhdum Ko Life Partner Bana Liya
سجاد حسین: ٹینس کی دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے اعصام الحق نے برطانوی نژاد فاہا مخدوم کو اپنا لائف پارٹنر بنا لیا ہے۔اعصام کی شادی کی تقریبات ان کے آبائی شہر لاہور میں دھوم دھام سے ہوئیں جس میں اعصام کے چاہنے والوں ، رشتہ داروں اور دوستوں نے شرکت کی جبکہ پاکستانی میڈیا نے اعصام کی شادی کی لائیو کوریج کرکے قومی سٹار کی خوشیوں کو پوری قوم کو بھی شریک کیا۔

اعصام اور فاہا کی شادی کی تقریبات تین دن تک جاری رہیں اور میڈیا میں تین دن تک یہی سب سے بڑی خبر رہی ۔ شعیب ملک اور ثانیہ مرزاکی شادی کے بعد میڈیا نے سب سے زیادہ کوریج اعصام اور فاہا کی شادی کو دی۔ اعصام پاکستان کے اکلوتے سٹار ہیں ، وہ جس طر ح منفرد ٹینس سٹار ہیں اسی طرح ان کی شادی بھی منفرد انداز میں ہوئی۔

(جاری ہے)

اعصام اور فاہا کی مہندی کی تقریب لاہور کے وسط میں واقع بیدیاں روڈ پر قریشی فارم ہاؤس میں ہوئی جہاں میڈیا کو کیمرے آن کرنے کی اجازت نہیں تھی ۔

اعصام کی شادی میں بھارتی ٹینس سٹار روہن بوپننا خصوصی طورپر شریک ہوئے ۔ مہندی کی تقریب میں اعصام سمیت بوپننا نے بھی مختلف گانوں پر ڈانس کرکے تقریب کو چارچاند لگادئیے۔ مہندی کی تقریب چونکہ اعصام کے ذاتی فارم ہاؤس پر ہوئی اس لیے تقریب رات دو بجے تک جاری رہی۔ اعصام الحق کی بارات کینٹ ایریا میں گیریژن گالف کلب میں آئی جہاں ان کا ایک خوبصورت ہال منتظر تھا جسے تازہ پھولوں کے ساتھ سجاگیا تھا۔

اعصام کی سہر ا بندی ان کے گھر ماڈل ٹاؤن میں ہوئی جہاں ٹینس سٹار نے میڈیا کو بھی دعوت دے رکھی تھی اور کھیلوں کی تاریخ میں پہلی بار کسی کھلاڑی کی سہرا بندی کو براہ راست ٹی وی پر نشر کیا گیا ۔ بارات گیریژن گالف اینڈکنٹری کلب پہنچی تو اسے قبل دلہن ہال کے میک اپ روم میں موجود تھیں۔ اعصام کی بارات میں نامور سیاسی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی جبکہ مہمانوں کو ون ڈش کھانا دیا گیا۔

بارات میں کئی دلچسپ مناظر دیکھنے میں آئے ، اعصام کی اکلوتی سالی ماہا مخدوم نے ٹینس سٹار کا جوتا چھپا لیا اور ایک کروڑ روپے کا مطالبہ کیا تاہم دلہن فاہا کے سمجھانے پر جوتا واپسی کی رقم کم کرکے ایک لاکھ روپے کردی گئی جو اعصام نے موقع پر ادا کی۔ اعصام نے فاہا مخدوم کو حق مہر میں 10لاکھ روپے دینے کا عہد کیا ۔ بارات کے موقع پر دلہن فاہا مخدوم کے والد اکمل مخدوم نے اُردوپوائنٹ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ فاہا ماہرنفسیات ہیں اور ان کی اعصام کے ساتھ شادی مکمل طورپر ارینج میرج ہے ۔

فاہا کو جب بتایا کہ ان کیلئے اعصام کا رشتہ آیا ہے اور شادی کے بعد آپ کو انگلینڈ چھوڑ کر پاکستان رہنا ہوگا تو ایک فرما بردار بیٹی ہونے کے ناطے فاہا نے ہاں کردی۔ اکمل مخدوم نے مزید بتایا کہ گوکہ وہ برطانوی شہریت رکھتے ہیں لیکن ان کی پوری فیملی پاکستانیت سے سرشار ہے۔ دلہن کی بہن ماہا مخدوم نے اُردوپوائنٹ کو بتایا کہ جہاں انہیں بہن کی شادی پر خوشی ہے وہیں وہ انگلینڈ جا کر بہن کو بہت مس کرینگی کیونکہ فاہا سے اچھی ان کی کوئی اور سہیلی نہیں ہے ۔

اعصام الحق نے اپنی دعوت ولیمہ کیلئے ماڈل ٹاؤن ٹینس کلب کا انتخاب کیا جہاں اعصام ٹینس کھیل کر بڑے ہوئے ہیں۔ ولیمہ کے موقع پر اُردوپوائنٹ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اعصام کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہمیشہ ڈبلز میچز میں عمدہ کھیل پیش کیا اور کامیابی حاصل کی تاہم اب وہ زندگی کا سب سے بڑا میچ شروع کرچکے ہیں اور کامیابی کیلئے پرعزم ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ زندگی کا یہ نیا سفر کامیاب رہے۔

اعصام نے کہاکہ وہ جہاں اپنی شادی پر خوش ہیں وہیں اس بات پر زیادہ خوش ہیں کہ ان کی شادی کی وجہ سے ان کے والدین کو خوشی ملی ہے اور وہ والدین کو خوشی دینے پر سب سے زیادہ خوش ہیں۔ فاہا مخدوم نے اس موقع پر کہاکہ انہیں اعصام جیسا ہمسفر ملنا ان کی خوشی قسمتی ہے اور وہ خود کو سب سے زیادہ لکی سمجھتی ہیں۔ فاہا نے کہاکہ انہیں پاکستان رہنے پر خوشی ہے اور وہ ہمیشہ خود کو پاکستانی سمجھتی ہیں کبھی پاکستانی سے دوری نہیں ہوئی۔

اعصام کے حوالے سے فاہا نے کہاکہ انہوں نے ایک سال میں اعصام کو بہت پرکھا ہے اور یہ بہت ہی نفیس اور خالص انسان ہیں اور ان پر مجھے مکمل بھروسہ ہے۔ اعصام الحق نے اپنے آئندہ کے شیڈول پر بات کرتے ہوئے کہاکہ وہ اگلے تین چار دن میں پریکٹس کا آغاز کرینگے اور اکتیس اکتوبر کو آسٹریلین اوپن میں شرکت کیلئے آسٹریلیا جائیں گے وہیں پر فاہا کے ساتھ ہنی مون منائیں گے ۔

مزید مضامین :