مصباح نے ٹی ٹونٹی کرکٹ چھوڑدی‘ محمد حفیظ نئے کپتان مقرر

Hafeez New T20 Captain Appoint

دورہ سری لنکاکیلئے تینوں فارمیٹس کی ٹیموں کا بھی اعلان ، وہاب ڈراپ، سمیع کی واپسی مصباح اور پی سی بی نے مجھ پر اعتماد کیا ‘شائقین کو مایوس نہیں کرونگا:محمدحفیظ کی اُردوپوائنٹ سے خصوصی گفتگو

جمعہ 11 مئی 2012

Hafeez New T20 Captain Appoint
سجا د حسین : پاکستان کرکٹ بورڈ نے آل راؤنڈر محمدحفیظ کو ٹی ٹونٹی فارمیٹ کا کپتان مقررکردیا ہے جبکہ مصباح الحق نے ٹی ٹونٹی کرکٹ سے کنارہ کشی اختیار کرلی ہے۔ پی سی بی نے مصباح الحق کو ٹی ٹونٹی اور ٹیسٹ میچز کیلئے کپتان برقرار رکھا ہے اور محمد حفیظ ٹیسٹ اور ون ڈے میچز میں مصباح الحق کے نائب کے فرائض سرانجام دیں گے۔ ان فیصلوں کا اعلان پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ چوہدری ذکاء اشرف نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ مصباح الحق ، محمد حفیظ ، چیف سلیکٹر اقبال قاسم ، انتخاب عالم اور کوچ ڈیو واٹمور بھی ہمراہ تھے۔ ذکاء اشرف نے اعلان کیا کہ مصباح الحق نے خود ٹی ٹونٹی فارمیٹ کو چھوڑ کر محمد حفیظ کو کپتان بنانے کی تجویز پیش کی جسے پی سی بی نے قبول کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

مصباح الحق کا اس موقع پر کہنا تھا کہ انہوں نے جو بھی فیصلہ کیا اس سے پاکستان کرکٹ کو فائدہ پہنچے گا۔

اسی پریس کانفرنس میں دورہ سری لنکا کیلئے تینوں فارمیٹ کیلئے الگ الگ ٹیموں کا بھی اعلان کیا گیا۔ ون ڈے ٹیم کی وکٹ کیپنگ کے فرائض سرفراز احمد سرانجام دینگے جبکہ ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں سیالکوٹ سٹالینز کے وکٹ کیپر بلے باز شکیل انصر کو آزمانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ ٹیسٹ مقابلوں میں بدستور عدنان اکمل پر اعتماد کیا گیا ہے۔ شعیب ملک کو ٹی ٹونٹی سکواڈ میں جگہ ملی ہے جبکہ سہیل تنویر بھی سکواڈ میں واپس آگئے ہیں اور ان کے ساتھ ساتھ عمراکمل بھی ون ڈے ٹیم کا حصہ ہیں جبکہ عمراکمل کو ٹیسٹ ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا ہے۔

حیران کن طو رپر عمران فرحت کو ون ڈے اور فیصل اقبال کو ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں شامل کیا گیا ہے جبکہ فاسٹ باؤلر محمد سمیع کو وہاب ریاض کے متبادل کے طور پر تینوں فارمیٹس میں جگہ دی گئی ہے۔ محمد سمیع کی سلیکشن پر چیف سلیکٹر اقبال قاسم نے کہاکہ سمیع نے ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی دکھائی ہے جس کی وجہ سے اسے شامل کیا گیا ہے جبکہ وہاب کو ابھی اعتماد بحال کرنے کی ضرورت ہے جبکہ سلیکٹرز نے عبدالرزاق اور محمدیوسف کو کسی بھی فارمیٹ میں جگہ نہیں دی۔

ٹی ٹونٹی ٹیم کی قیادت ملنے کے بعد اُردوپوائنٹ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے محمد حفیظ نے کہا کہ ٹی ٹونٹی کا کپتان بنانے پروہ چیئرمین پی سی بی کے مشکورہیں اورپوری کوشش ہوگی کہ ٹیم کی کامیابی میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔محمد حفیظ کہتے ہیں کہ وہ پاکستانی ٹیم کی فتوحات میں اپنی جان کی بازی لگادیں گے اور ان کیلئے یہ قیادت ایک چیلنج ہے اور وہ کسی بھی قیمت پر اس چیلنج میں کامیاب ہونے کیلئے اپنی تمام توانائیاں صرف کردینگے۔

حفیظ نے کہا کہ اس نے سابق کپتانوں راشد لطیف ، انضمام الحق، شعیب ملک ،شاہد آفریدی اور مصباح الحق سے بہت کچھ سیکھا اور ان کے اچھے فیصلوں کی نقل کرکے ٹیم کو کامیابیاں دلائیں گے۔ مصباح الحق کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ مصباح الحق بہت باصلاحیت کپتان ہیں، اور وہ میرے بھائی ہیں، ان کے تجربے سے فائدہ اٹھاوٴں گا۔ محمد حفیظ کے گفتگو کے انداز سے یہ عنصر واضح نظر آیا کہ وہ قیادت ملنے پر بہت خوش ہیں ۔

ایک موقع پر مصباح الحق کے ساتھ کھڑے ہوکر دونوں مسکراتے ہوئے نظر آئے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں کو ایک دوسرے پر بھرپور اعتماد ہے۔ ذرائع کہتے ہیں کہ ذکاء اشرف پر ٹی ٹونٹی فارمیٹ کیلئے شاہد آفریدی کو کپتان بنانے کابہت پریشر تھا اور کافی سفارشیں کی گئیں لیکن بورڈ نے گروپ بندی سے بچنے کیلئے آفریدی کو قیادت دینے سے گریز کیا ۔ ٹی ٹونٹی فارمیٹ کیلئے اب محمد حفیظ کے کاندھوں پر قیادت کا بوجھ ڈالا گیا جس سے ایک چیزواضح ہوگئی کہ کرکٹ بورڈ مستقبل میں محمد حفیظ کو ٹیسٹ اور ون ڈے ٹیموں کی قیادت دینے سے بھی گریز نہیں کریگا۔

محمد حفیظ قومی کرکٹ ٹیم میں ایک طویل عرصہ اوپنر کی حیثیت سے کھیلتے آ رہے ہیں اورنئی بال کے ساتھ اٹیک کرنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور آف سپن گیند سے وہ اپنے کپتان کی توقعات پر پورا اترنے کیلئے ہمہ وقت کوشا ں نظر آئے۔ 17اکتوبر1980ء کو جنم لینے والے محمد حفیظ نے دائیں ہاتھ کے بیٹسمین اور آف بریک بالر کی حیثیت سے کھیلنے والے محمد حفیظ کیلئے ٹی ٹونٹی فارمیٹ کی قیادت سخت امتحان ہوگا جس کا آغاز یکم جون کو سری لنکا کیخلاف ٹی ٹونٹی میچ سے ہوگا ۔ اگر حفیظ دورہ سری لنکا میں ہونیوالے دو ٹی ٹونٹی میچز میں اپنی قائدانہ صلاحیتوں سے متا ثر کرنے میں کامیاب ہوگئے تو یقینی طور پر ستمبر میں ہونیوالے ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں وہ پاکستان کے کپتان ہونگے

مزید مضامین :