جنوبی افریقہ کا آج ویسٹ انڈیز سے اہم مقابلہ، پروٹیز گیل سے خوفزدہ

Janobi Africa Ka Aaj West Indies Se Eheem Muqabla

جنوبی افریقہ کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ کے سامنے اوسط درجے کی ویسٹ انڈین باؤلنگ کا سخت امتحان

Ejaz Wasim Bakhri اعجاز وسیم باکھری جمعہ 27 فروری 2015

Janobi Africa Ka Aaj West Indies Se Eheem Muqabla

آئی سی سی ورلڈکپ میں آج صرف ایک میچ کھیلا جائے گا،گروپ بی کی ٹیمیں جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز سڈنی کرکٹ گراؤنڈمیں مدمقابل ہوں گی۔شیڈول کے مطابق یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 8بجے شروع ہوگا۔ جنوبی افریقی ٹیم ٹورنامنٹ میں فیورٹ کی حیثیت سے میدان میں اتری تھی لیکن بھارت کیخلاف شکست کے بعد افریقی ٹیم کے بارے ماہرین نے اپنی رائے بدل لی۔ گوکہ بھارت ایک مضبوط حریف تھا لیکن جنوبی افریقہ جس طرح باؤلنگ او ربیٹنگ میں بری طرح ناکام نظر آیا اس سے ایسا لگا کہ ایک بار پھر چوکرز اپنی راویت برقرا ر رکھتے ہوئے ٹورنامنٹ میں فیورٹ کی حیثیت کے باوجود جلدی گھر لوٹ جائیں گے۔ افریقی ٹیم کے بارے میں شائقین کی رائے ضرور تبدیل ہوئی ہے لیکن ایک میچ میں ناکامی سے یہ نہیں کہا جاسکتا کہ ساؤتھ افریقہ ٹورنامنٹ کے درمیان سے ہی گھر لوٹ جائیگا۔

(جاری ہے)

افریقی ٹیم کی باؤلنگ اور بیٹنگ دنیا کی دوسری ٹیموں کے مقابلے میں کہیں بہتر ہے لیکن آج ویسٹ انڈیز کیخلاف میچ میں جنوبی افریقہ کو ہمت کے ساتھ کھیلنا ہوگا۔ ڈبل سنچری کے بعد کرس گیل کی دہشت سر چڑھ کر بول رہی ہے اور جنوبی افریقی باؤلرز بھی اس سے خوفزدہ ہیں۔ افریقہ کیخلاف کرس گیل کا ریکارڈ بھی شاندار ہے یہی وجہ ہے کہ افریقی باؤلرز کا ٹارگٹ بھی کرس گیل ہی ہوگا۔ شائقین کیلئے یہ میچ انتہائی دلچسپی کا حامل ہے کیونکہ دونوں ٹیمیں ایک ایک میچ ہار بھی چکی ہیں۔ جنوبی افریقی ٹیم کیلئے کرس گیل ، سیموئلز ، سمتھ، سمی اور رسل جیسے خطرناک بیٹسمنیوں کو بڑی اننگز کھیلنے سے روکنا ہوگا ، ڈیل سٹین اور مورنے مورکل دنیا کے بہترین باؤلرز ہیں لیکن کرس گیل کے سامنے کسی بھی باؤلنگ لائن اپ کا حشرنشر ہوسکتا ہے۔ کرس گیل کی ڈبل سنچری نے ویسٹ انڈیز کو فیورٹ بنا دیا ہے اور آج کے میچ میں کرس گیل کا بھی امتحان ہے کہ وہ ایک مضبوط باؤلنگ اٹیک کے سامنے کیا کرتے ہیں۔ آج کے میچ میں شائقین دلچسپ مقابلے کی توقع کررہے ہیں اور شائقین یہی چاہتے ہیں کہ سخت مقابلہ دیکھنے کوملے۔ ویسٹ انڈین باؤلرز کو بھی افریقہ کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ کیخلاف محنت کرنا ہوگی کیونکہ ہاشم آملا اور اے بی ڈی ویلیئرز جیسے مضبوط اعصاب کے بیٹسمین اگر وکٹ پر طویل قیام کرنے میں کامیاب ہوگئے تو یہ ویسٹ انڈیز کیخلاف نقصان دہ ہوگا۔ جنوبی افریقہ کیلئے یہ میچ انتہائی اہم ہے کیونکہ اس کے بعد افریقی ٹیم پاکستان کے مدمقابل آنے والی ہے، پاکستانی ٹیم گوکہ ورلڈکپ کے ابتدائی دونوں میچز میں شکست کھا چکی ہے لیکن پاکستانی ٹیم کے بارے میں حتمی رائے نہیں دی جاسکتی کہ پاکستانی ٹیم جنوبی افریقہ کیخلاف بھی برا کھیلے گی۔ کرکٹ بائی چانس کھیل ہے اور یہی اس کھیل کا اصل حسن ہے۔

مزید مضامین :