سال 2016ء ،ٹیسٹ ٹیم کی کاکردگی شاندار،ون ڈے ،ٹی ٹونٹی میں حالت بری رہی

Pakistan Cricket

محمد عامر پانچ برس بعد ٹیم میں آئے ، ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستان پہلے نمبر پررہا، احمد شہزاد اور عمراکمل کیلئے سال اچھا نہ رہا

Ejaz Wasim Bakhri اعجاز وسیم باکھری ہفتہ 31 دسمبر 2016

Pakistan Cricket

عالمی کرکٹ میں پاکستان ٹیم کیلئے سال 2017ء ٹیسٹ فارمیٹ کے اعتبار سے کامیاب سال رہا تاہم ون ڈے کرکٹ میں قومی ٹیم کو انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز میں وائٹ واش ہونا پڑا جبکہ ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں قومی ٹیم کو ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف شکست ہوئی اور ٹیم سیمی فائنل تک بھی رسائی حاصل نہ کرسکی۔سال2016ء مصباح الحق، محمد حفیظ اور یاسر شاہ کیلئے خوش قسمت سال رہا۔ اسی سال پی ایس ایل نے بابراعظم، شرجیل خان اور محمد نواز سمیت کئی نوجوان کھلاڑیوں کیلئے انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے کھولے ۔ شاہد آفریدی کو ٹی ٹونٹی ٹیم کی قیادت سے مستعفی ہونا پڑا جبکہ احمد شہزاد اور عمر اکمل کیلئے 2016 ء سخت ثابت ہوا ، دونوں قومی ٹیم سے ڈراپ کردئیے گئے ۔ فروری میں سپرلیگ کے پہلے ایڈیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں اسلام آباد یونائٹیڈنے کامیابی حاصل کی۔

(جاری ہے)

بنگلہ دیش میں قومی ٹیم نے ایشیا کپ میں شرکت کی جہاں ٹیم فائنل تک رسائی حاصل نہ کرسکی۔ ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے بعد وقاریونس کی رپورٹ لیک کردی گئی جس سے تنازعہ کھڑا ہوگیا اور وقاریونس کو قومی ٹیم کی کوچنگ سے مستعفی ہونا پڑا ۔ان کی جگہ پی سی بی نے مکی آرتھر کو ہیڈکوچ کے عہدے پر تعینات کردیا۔سابق کپتان انضمام الحق نے بھی پی سی بی کو جوائن کیا اور چیف سلیکٹر کے طور پر پی سی بی کے ساتھ کام شروع کیا۔مصباح الحق کی قیادت میں ٹیسٹ ٹیم نے شاندار فتوحات حاصل کرتے ہوئے عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی ۔۔ آئی سی سی حکام نے لاہور آکر مصباح الحق کو ورلڈنمبر ون ٹیسٹ ٹیم کی ٹرافی دی۔ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز میں اظہر علی نے ٹرپل سنچری سکور کی جبکہ سال کی آخری سیریز میں آسٹریلیا کیخلاف میلبرن میں اظہرعلی ڈبل سنچری سکور کرنے میں کامیاب رہے ۔ قومی ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن ٹیسٹ کلیئر ہوا جبکہ یاسر شاہ بھی تین ماہ کی پابندی کے بعد اسی سال انٹرنیشنل کرکٹ میں دوبارہ لوٹ آئے ۔ سلمان بٹ اور محمد آصف کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت بھی اسی سال ملی۔

مزید مضامین :