سعید اجمل کی خوفناک واپسی، باؤلنگ میں اثر ختم ہوگیا

Saeed Ajmal Ki Khofnaak Wapsi

بنگلہ دیش کیخلاف میچ میں 10اوورز میں 74رنز دئیے، وکٹ نہ مل سکی

Ejaz Wasim Bakhri اعجاز وسیم باکھری ہفتہ 18 اپریل 2015

Saeed Ajmal Ki Khofnaak Wapsi

بنگلہ دیش کیخلاف پہلے ون ڈے میچ میں سعید اجمل کو موقع ملا اور وہ بری طرح آف کلر نظر آئے، سعید اجمل نے بے تحاشہ سکور کھائے اور اپنی واپسی کو یادگار بنانے کیلئے بدترین بنا گئے۔ بنگلہ دیش کی کمزور بیٹنگ کے سامنے سعید اجمل نئے ایکشن کے ساتھ کوئی جادو نہ چلا سکے، وہ بہت محتاط انداز میں باؤلنگ کرتے رہے اور سکور دیتے رہے لیکن وکٹ کوئی بھی ان کے حصے میں نہ آئی، سعید اجمل کی پہلے میچ میں بدترین کارکردگی کا یہ جواز کافی ہے کہ نئے ایکشن کے ساتھ وہ پہلا میچ کھیل رہے تھے اور انہیں اپنا اعتماد بحال کرنے کیلئے اور پچ اور سامنے والے بلے بازوں کو سمجھنے کیلئے حقیقی معنوں میں وقت درکارہے اس لیے فی الحال یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ وہ مستقبل میں مئوثر ثابت ہونگے یا بے اثر ہوکر رہ جائیں گے۔

(جاری ہے)

10اوورز میں 74 رنز کے ساتھ واپسی سعید اجمل کو بہت مہنگی پڑی لیکن چیمپئن آف سپنر پر اعتبار کیا جاسکتا ہے کہ وہ اگر ایکشن پر پابندی لگنے جیسے بدترین دور سے باہر نکل آئے تو اس بدترین کارکردگی کا ازالہ بھی کردیں گے۔ ورلڈکپ میں پاکستان کی لاج رکھنے والے وہاب ریاض نے پہلے میچ میں اپنی رفتا اور دہشت سے چار بنگالیوں کو واپسی کی راہ دکھائی لیکن راحت علی کے حصے میں صرف ایک وکٹ آئی۔ باؤلرز بھی بنگلہ دیش کیخلاف ایسے کھیلے جیسے بہت پریشر میچ میں ہوں اس لیے بنگلہ دیشی ٹیم نے پاکستان کے سامنے بڑا ٹوٹل دیا۔
یہ بات فی الحال کچھ دیر کیلئے تسلیم کرنا ہوگی کہ مصباح الحق کی جگہ ون ڈے ٹیم کی قیادت سنبھالنے والے اظہرعلی کیلئے بطور کپتان پہلے میچ میں بنگلہ دیش کیخلاف شکست کے ساتھ آغاز انتہائی مایوس کن اور حوصلے توڑنے کے مترادف ہے لیکن اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ اظہرعلی برے کپتان ہیں، ان کے پہلے میچ میں شکست ضرور ہوئی ہے لیکن ایک میچ کی ناکامی سے اظہر کے بارے میں کوئی حتمی رائے قائم کرنا زیادتی ہوگی۔ اظہر علی کو بطور کپتان سب کی حمایت کی ضرورت ہے اور اللہ کرے پاکستانی ٹیم کے تمام کھلاڑی اظہر علی کو بطور کپتان قبول کریں کیونکہ پاکستانی ٹیم کا یہ المیہ رہا ہے نئے کپتان کو بہت مخالفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے ٹیم کے اندر انتشار بھی پھیل جاتا ہے ، اظہر علی تو ناکام ہوئے ہی ، سعد نسیم بھی بدترین آغاز سے نہ بچ سکے، باؤلنگ میں انہوں نے مار کھائی جبکہ بیٹنگ میں بھی وہ صفر پر آؤٹ ہوگئے جس سے اگلے میچز کیلئے اس پر پریشر بڑھ گیا ہے۔اگلے میچ میں پاکستانی ٹیم کو اپنی غلطیوں پر قابو پاکر میدان میں اترنا ہوگا ورنہ کامیابی مزید مشکل ہوجائے گی۔

مزید مضامین :