”ڈبلیو ڈبلیو ای رائل رمبل 2009ء “

Wwe Royal Rumble 2009

بیٹسٹا،انڈرٹیکراورٹرپل ایچ نمبر گیم مقابلہ جیتنے کیلئے پر عزم جان سینا عالمی چیمپئن شپ کے دفاع کیلئے جے بی ایل کے مدمقابل،شان مائیکل بطور ”ملازم“جے بی ایل کی معاونت کرینگے

ہفتہ 24 جنوری 2009

Wwe Royal Rumble 2009
اعجاز وسیم باکھری: ریسلنگ دنیا کا مقبول ترین کھیل ہے ۔گوکہ یہ کھیل امریکہ تک محدود ہے مگر اس کے پسند کرنے والے اور دیکھنے والے دنیا کے ہرکونے میں رہتے ہیں۔ڈبلیو ڈبلیو ای ریسلنگ کا سب سے بڑا اور مستند ادارہے جہاں پورا سال عالمی چیمپئن شپ کے مقابلے منعقد ہوتے رہتے ہیں۔ڈبلیو ڈبلیو ای کے زیر اہتمام ہرسال 12بڑے ایونٹ ہوتے ہیں جہاں ”رائل رمبل“سال کا افتتاحی ایونٹ ہوتا ہے۔

رائل رمبل اپنی طرز کا منفرد ایونٹ ہے جہاں ایک ساتھ 30پہلوانوں کے مابین نمبرگیم مقابلہ لڑا جاتا ہے ۔ 30پہلوانوں کے درمیان ہونیوالے نمبر گیم مقابلے میں ہر ایک منٹ کے بعد ایک ریسلر رنگ میں داخل ہوتا ہے جہاں رنگ میں موجود تمام ریسلر ایک دوسرے کو باہر گرانے کی کوشش کرتے ہیں اور جو ریسلر رنگ سے باہر گرجاتا ہے وہ مقابلے سے آؤٹ ہوجاتا ہے اور سب سے آخر میں بچ جانے والا فاتح قرار پاتا ہے۔

(جاری ہے)

نمبر گیم مقابلے میں فتح حاصل کرنے والا ریسلر ایک ماہ بعد ہونے والے سالانہ ایونٹ ”ریسل مینیا “مقابلوں ڈبلیو ڈبلیو ای کی کسی بھی چیمپئن شپ کی بیلٹ کا مقابلہ لڑنے کیلئے بھی کوالیفائی کرلیتا ہے ۔ رائل رمبل 2009ء کے مقابلے اس سال مشی گن امریکہ میں منعقد ہورہے ہیں ۔اس سال رائل رمبل کا سب سے بڑا مقابلہ ورلڈہیوی ویٹ چیمپئن شپ کا ہے جس میں عالمی چیمپئن جان سینا جے بی ایل کے خلاف اپنے ٹائٹل کا دفاع کرینگے۔

مقابلے میں شان مائیکل بطور ملازم جے بی ایل کی معاونت کیلئے رنگ کے باہر موجود ہیں جبکہ دوسرے بڑے مقابلے میں ڈبلیو ڈبلیو ای ورلڈ چیمپئن شپ فائٹ میں جیف ہارڈی اور ایج ایک دوسرے کا سامنا کرینگے ،اس مقابلے میں جیف ہاڈری ایج کے خلاف اپنے اعزاز کے دفاع کے حصول کیلئے رنگ میں اتریں گے۔اس سال کے نمبر گیم مقابلے میں ٹرپل ایچ ،انڈر ٹیکر اور اور بیٹسٹا کو فیورٹ قرار دیا جارہاہے تاہم رینڈی اورٹن اور کرس جریکوبھی فیورٹ لسٹ میں شامل ہیں۔

رائل رمبل کی تاریخ کا پہلا ایونٹ 1988ء میں کینیڈا میں منعقد ہوا تھا جس میں 20 کے قریب ریسلرز نے حصہ لیا ۔ پہلا رائل رمبل چیمپئن ہونے کا اعزاز جمی ڈگن نے حاصل کیا جبکہ رائل رمبل مقابلوں میں رنگ سے باہر پھینکا جانے والے پہلا ریسلر بچ ریڈ ہے۔ جیک روبرٹس رائل رمبل کی تاریخ کے پہلے مقابلے میں کسی بھی ریسلر کو باہر پھینکنے والا پہلا ریسلر ہے۔

رائل رمبل کی تاریخ میں رنگ میں سب سے کم عرصہ ٹھہرنے والا بدقسمت ریسلر بش ویکر لوک ہے جس کو 1991ء کے مقابلوں میں صرف 3 سیکنڈ بعد ہی رنگ سے باہر پھینک دیا گیا ۔ ڈبلیو ڈبلیو ای کی تاریخ کے عظیم ترین ریسلر ہاک ہوگن کو مسلسل دو مرتبہ رائل رمبل چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل ہے۔ 1992ء کے رائل رمبل مقابلوں میں رک فلیئرنے اعلان کیا تھا کہ جو بھی ریسلر اسے رنگ سے باہر پھینکے گا وہ اسے اپنی ڈبلیو ڈبلیو ای عالمی چیمپئن کی بیلٹ بھی دے دیں گے۔

مگر نمبر3 پر آنے والے (نیچر بوائے) کو کوئی بھی ریسلر رنگ سے باہر نہ پھینک سکا۔ یوں رک فلیئر تاریخ کے پہلے ریسلر ہیں جو بیک وقت عالمی چیمپئن ہونے کے علاوہ رائل رمبل چیمپئن بھی تھے۔ ایک مقابلے میں ایک ساتھ سب سے زیادہ 7 پہلوانوں کو رنگ سے اٹھا کر باہر پھینکنے کا اعزاز یوکو زونا کو حاصل ہے اس نے یہ کارنامہ 1993ء کے رائل رمبل مقابلوں میں سرانجام دیا ، اس سے قبل یہ اعزاز انڈر ٹیکر کے پاس تھا جنہوں نے 1991ء کے ایونٹ میں تین پہلوانوں کو ایک ساتھ رنگ سے باہر گرایا ۔

1994ء کے رائل رمبل مقابلوں میں لیکس لوگر اور بریٹ ہارٹ کو ایک ساتھ باہر گرنے کی وجہ سے مشترکہ طور پر فاتح قرار دیا گیا۔ 1995ء کے رائل رمبل مقابلوں میں شان مائیکل اور برٹش بل ڈاگ بالترتیب پہلے اور دوسرے نمبر پر رنگ میں آئے اور آخر تک یہی جوڑی لڑتی رہی۔ آخرکار شان مائیکل برٹش بل ڈاگ کو رنگ سے باہر گرانے میں کامیاب ہو گئے اور 1995ء کے رائل رمبل چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔

1997ء کے رائل رمبل مقابلوں میں جب دیگر تمام ریسلروں کو باہر گرا کر سٹون کولڈ سٹیوآسٹن اور (ہٹ مین ہارٹ) بریٹ ہارٹ آخر میں بچ گئے تو ان دونوں نے ایک دوسرے کو باہر گرانے کی سر توڑ کوششیں کیں۔ چالیس منٹ کی گھمسان لڑائی کے بعد بریٹ ہارٹ نے سٹون کولڈ کو رنگ سے باہر پھینک دیا ، مگر یہ منظر ریفری کی آنکھ سے اوجھل رہا اور سٹون کولڈ فوری طور پر رنگ میں واپس آ گئے تب تک ریفری بھی اپنے اوسان بحال کرنے میں کامیاب ہو چکا تھا۔

پھر چند ہی لمحوں میں سٹون کولڈ سٹیوآسٹن نے بریٹ ہارٹ کو اٹھا کر رنگ سے باہر پھینک دیا یوں سٹون کولڈ نے 1997ء کے متنازعہ رائل رمبل چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا ۔ مک فولی پہلا ریسلر ہے جس نے ایک ہی رائل رمبل میں تین مختلف ناموں سے شرکت کی۔ 1998ء کے ایونٹ میں وہ پہلے نمبر پر کیکٹس جیک کے نام سے رنگ میں آیا پھر 16ویں نمبر پر دوبارہ لڑنے آیا تو اس وقت اسے مین کائنڈ کے نام سے پکارا گیا اور جب یہ تیسری مرتبہ 28 ویں نمبر واپس آیا تو تب اس کا نام ڈوڈلو پکارا گیا۔

1998ء کے رائل رمبل میں ڈبلیو ڈبلیو ای کے چیئرمین مسٹر میک موہن نے دفاعی چیمپئن سٹون کولڈ کو آخر میں مات دے کر چیمپئن کا تاج پہنا میک موہن کی کامیابی کے پیچھے بریٹ ہارٹ اور راک وغیرہ کا ہاتھ تھا۔ 2000ء کے رائل رمبل میں رکی شی نے سات ریسلروں کو ایک ساتھ باہر پھینک کر یوکوزونا کا ریکارڈ برابر کیا۔ شان مائیکل اور کرس بنیوا دو واحد ریسلر ہیں جو نمبر ایک پررنگ میں آئے اور آخر میں چیمپئن بن کر باہر نکلے۔

رائل رمبل مقابلوں میں جہاں ہر منٹ بعد ایک ریسلر رنگ میں جاتا ہے اور باہر گرنے والا ریسلر مقابلے سے آؤٹ ہو جاتا ہے، بظاہر تو یہ لگتا ہے کہ جو پہلوان نمبر30 پر رنگ میں داخل ہوتا ہو گا وہی کامیاب ہوتا ہو گا کیونکہ وہ فریش اور تازہ دم ہوتا ہے اور باقی لڑ لڑ کر تھک چکے ہوتے ہیں لیکن ایسا آج تک نہیں ہوا کہ نمبر30 پر آنے والا ریسلر کامیاب ہو سکا ہو۔

رائل رمبل مقابلوں میں نمبر 27 کو لکی نمبر کہا جاتا ہے اور اب تک نمبر27 پر آنے والے چار ریسلر ایونٹ جیت چکے ہیں۔ سٹون کولڈ سٹیو آسٹن وہ واحد ریسلر ہے جس نے تین مرتبہ چیمپئن اور ایک مرتبہ رنراپ رہنے کا اعزاز حاصل کیا۔ جبکہ بگ شا واحد بدقسمت ریسلر ہے جو دو مرتبہ رنراپ رہا۔ راک ایک مرتبہ رائل رمبل جیتنے میں کامیاب رہا۔ سال 2005ء کے رائل رمبل میں بٹیسٹا نے جان سینا کو آخر میں باہر پھینک کر کامیابی حاصل کی تھی۔

اس سے پہلے دونوں ایک ساتھ رنگ سے باہر گرے ، تو ڈبلیو ڈبلیو ای کے چیئرمین مسٹر میک موہن نے دونوں کو دوبارہ لڑنے کو کہا جہاں بٹیسٹا فاتح بنے، رائل رمبل 2006 میں رے میسٹر یو رینڈی اورٹن کو باہر پھینک کر فاتح ٹھہرے ، انڈر ٹیکر نے رینڈی اورٹن کو باہر گرا کر 2007ء کے چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیاجبکہ گزشتہ سال جان سینا نے ٹرپل ایچ کو باہر پھینک کر کامیابی حاصل کی۔

مزید مضامین :