ڈبلیو ڈبلیو ای ان فارگیون مقابلے،شان مائیکل کی تاریخی فتح

Wwe Unforgiven Result

43سال کی عمر اور زخموں سے چو ر HBKنے ثابت کردیا وہ آ ج بھی ریسلنگ کا بے تاج بادشاہ ہے کرس جریکو متنازع عالمی چیمپئن بن گئے ،ٹرپل ایچ اپنے اعزاز کا دفاع کرنے میں سرخرو

جمعرات 11 ستمبر 2008

Wwe Unforgiven Result
اعجازوسیم باکھری : ورلڈریسلنگ انٹرٹینمنٹ(ڈبلیوڈبلیوای )کے سالانہ ایونٹ ”ان فار گیون“مقابلوں میں شان مائیکل نے اپنے کیرئیرکا آخری چیلنج مقابلہ جیت لیا۔ جبکہ شان مائیکل سے شکست کھانے والے کرس جریکو حیران کن طور پر ورلڈہیوی ویٹ چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہوگئے ہیں جبکہ دوسری جانب ٹرپل ایچ مقررہ وقت سے ایک سیکنڈقبل کین کو چت کرکے اپنے اعزاز کے دفاع میں سرخروہوگئے ہیں۔

اتوار کے روز امریکی ریاست اوہیومیں ہونے والے سالانہ ایونٹ میں ڈبلیو ڈبلیو ای کے تینوں ذیلی اداروں ”را“سمیک ڈاؤن اور ای سی ڈبلیو کے پہلوانوں نے ایک ساتھ شرکت کی اور ڈبلیو ڈبلیو کی تینوں عالمی چیمپئن شپ کے مقابلے لڑے گئے۔ان فار گیون مقابلوں میں نئے قوانین کے مطابق تینوں بیلٹس کی کشتیوں کے فیصلے کیلئے صرف 20منٹ کا وقت مقرر کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

تینوں ٹائٹلزکے مقابلوں میں ہرچیمپئن کا مقابلہ ایک ساتھ چار چار ریسلر زسے ہوا اور ابتدائی طور پر دو پہلوان رنگ میں ایک ساتھ لڑنے آئے جبکہ ہرپانچ منٹ بعد ایک پہلوان رنگ میں داخل ہوا۔ان فار گیون مقابلوں سب سے بڑی فائٹ ورلڈہیوی ویٹ چیمپئن شپ کے مقابلے کیلئے لڑی گئی جس میں عالمی چیمپئن سی ایم پنک کو ایک ساتھ چار پہلوانوں جن میں بیٹسٹا، کین، رے میسٹریو اور جے بی ایل کے خلاف اپنے اعزاز کا دفاع کرنا تھا لیکن ایک سازش کے تحت مقابلے سے چند منٹ قبل پارکنگ میں رینڈی اورٹن اپنے ساتھیوں کے ساتھ سی ایم پنک پر چڑھ دوڑے اور مار مار کر اسے بے ہوش کردیا جس کی وجہ سے وہ رنگ میں نہ آسکے۔

اس موقع پر را کے جنرل منیجر نے اعلان کیا کہ سی ایم پنک کی جگہ اس معرکے میں کرس جریکو حصہ لینگے۔جریکونمبر گیم مقابلے میں سب سے آخر پر رنگ میں داخل ہوئے اس دوران بیٹسٹا رنگ میں چھائے ہوئے تھے اور آخری لمحات بیٹسٹا نے کین کو اپنے مخصوص داؤ”پاوربم“ سے رنگ میں اٹھا کر پھینکا تو اسی دوران کرس جریکو شاطرانہ انداز میں کین پر جھپٹ پڑے اور اگلے چند سیکنڈ میں ریفری کی مدد سے کین کو شکست دیکر کیرئیر میں پہلی بار ورلڈہیوی ویٹ چیمپئن شپ جیت لی۔

ان فار گیون مقابلوں میں دوسرا بڑا مقابلہ ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن شپ کاتھا۔ جس میں عالمی چیمپئن ٹرپل ایچ نے مقررہ وقت سے ایک سیکنڈ قبل شلٹن بنجمن، برائن کنڈریک،مونٹل پورٹراور جیف ہارڈی کو چت کرکے اپنا اعزاز برقرار رکھا۔جبکہ ای سی ڈبلیو ورلڈچیمپئن شپ میں میٹ ہارڈی نے عالمی چیمپئن مارک ہنری سمیت چار ریسلر کو مات دیکر اسی ڈبلیو ورلڈچیمپئن کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا ہے۔

ان فار گیون 2008ء مقابلوں کاسب سے بڑا مقابلہ شان مائیکل اور کرس جریکو کے مابین لڑا گیا جہاں ایچ کے بی شان مائیکل نے کرس جریکو کو 26منٹ کی گھمسان کی لڑئی کی بعد شکست دیدی اور اپنے 21سالہ کیرئیر کو سیاہ داغ سے بچا لیا۔اگر یوں کہاجائے تو بجا ہوگا کہ کرس جریکوکے خلاف شان مائیکل کی آخری فائٹ ایچ بی کے کے کیرئیرکی بہترین فائیٹس میں سے ایک تھی کیونکہ اس چیلنج معرکے میں حصہ لینے کیلئے شان مائیکل جب نمودار ہوئے تو شائقین ان کے ہاتھ اور بازوں پر کی گئی پٹیوں کو دیکھ کر پریشان ہوگئے کیونکہ اتنے شدید زخموں کے ساتھ شان کا میچ لڑنا کسی خطرے سے کم نہ تھا لیکن اس 43سالہ جواں حوصلہ ریسلر نے نہ صرف Y2Jکرس جریکوکا ڈٹ کرمقابلہ کیا بلکہ جریکوکی معاونت کیلئے آنے والے پہلوان کی ٹھکائی بھی کردی اور ریفری نے انتہائی جانبداری کا مظاہرہ کیا اور شان مائیکل کو شکست دینے اور اس کی کامیابی کو روکنے کیلئے ہر ناجائزطریقہ آزمایا گیا لیکن ایچ بی کے نے اپنے حریفوں کی تمام تدبیروں کو ناکام بناتے ہوئے 26منٹ کی لڑئی کے بعدفتح حاصل کرکے یہ ثابت کردیا کہ وہ مزید کئی سال تک رنگ میں راج کرسکتا ہے ۔

ڈبلیو ڈبلیو ای کی تاریخ کے پہلے گرینڈ سلم چیمپئن6 فٹ ایک انچ قد وقامت کے مالک شان مائیکل نے اپنے کیرئیر کا آغاز آج سے 24برس قبل کیا تھا ۔22جولائی 1965ء کو پیدا امریکہ میں پیدا ہونیوالے شان مائیکل ڈبلیو ڈبلیو ای میں بطور ریسلررہنے کے ساتھ ساتھ دیگر کئی عہدوں پربھی کام کرچکے ہیں۔وہ ریفری ،منیجر اور جج کی حیثیت سے متعدد بار اپنے فرائض سرانجام دیتے رہے جو کہ شان مائیکل کیلئے ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔

شان مائیکل کا تعلق ایک فوجی فیملی سے ہے مائیکل کی ریسلنگ تربیت ماضی کے عظیم چیمپئن جوزجوتیرو نے کی۔شان مائیکل کو مسلسل دو بار رائل رمبل چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل ہے ”ایچ بی کے“ اپنے کیرئیر میں 6بار ورلڈچیمپئن بننے کا اعزاز رکھتے ہیں۔ریسلنگ کی دنیا میں بے شمار ایسے ریسلر آئے جو شائقین کی آنکھ کا تارہ بن کر رہ گئے،لیکن شان ایک ایسا ریسلر ہے جس نے مشرق سے لیکر مغرب تک مقبولیت کی سارے ریکارڈ توڑدیے ۔

وہ دیگر ریسلر سے الگ تھلگ اور ایک منفرد سٹائل کا مالک ہے۔شان مائیکل کو ”دی ہارٹ بریک کڈ“یعنی( ایچ بی کے )کے نام سے پکارا جاتا ہے ۔شان مائیکل کا اصل نام( مائیکل ہیکن بوٹم)ہے جبکہ ان کے بے شمار نک نیم بھی ہیں جن میں دی شوسٹاپر“دی مین ایونٹ“دی آئیکین،دی ہیڈ لائنراور مسٹرریسل مینیا جیسے ناموں سے وہ اپنے کیرئیر کے مختلف ادوار میں پکارے جاتے رہے ہیں۔

ڈبلیو ڈبلیو ای کی تاریخ میں پہلی ہیل اینڈ سیل فائٹ پہلی بار شان مائیکل اور انڈر ٹیکر کے درمیان متعارف کرائی گئی جہاں دونوں کے درمیان ایک گھمسان کی لڑائی دیکھنے کوملی لیکن آخر میں انڈر ٹیکر کے سوتیلے بھائی کین نے اپنے بھائی کی معاونت کرکے انڈٹیکر کو ٹائٹل جتوادیا۔شان مائیکل کی اپنے کیرئیر میں سب سے زیادہ رقابت بریٹ ہارٹ سے رہی۔

دونوں نے آپس میں کئی خونریز مقابلے لڑے 1997ء میں سرائیور سیریز کے مقابلوں میں شان مائیکل اور بریٹ ہارٹ کے درمیان ریسلنگ کی تاریخ کا سب سے بڑا اور طویل ترین مقابلہ لڑا گیا جہاں ڈبلیو ڈبلیو ای کی چیمپئن شپ کے مقابلے میں61منٹ کی گھمسان کی لڑائی کے بعد شان مائیکل نے فتح حاصل کی۔مقابلے کے اختتام پر دونوں حریفوں کو میڈیکل کی ٹیمیں اسٹریچر پر اٹھا کر لے گئیں۔

ریسلنگ کی تاریخ میں یہ پہلا اور آخری مقابلہ تھا جہاں دونوں پہلوانوں کا اس قدر خون بہا کہ رنگ کے تختے سرخ ہوگئے۔ شان مائیکل کا سب سے بڑا ہتھیار ”سویٹ چین میوزک“کک ہے جو وہ ایک منفرد انداز سے حریف پہلوان کے منہ پر وار کرکے لگاتے ہیں جس سے بہت کم ریسلر بچ پاتے ہیں ورنہ شان مائیکل کا یہ داؤ مقابلے کا آخری وار ثابت ہوتا ہے۔عموماً شان مائیکل یہ داؤ اس وقت استعمال کرتے ہیں جب کشتی اختتام کے قریب ہوتی ہے۔

شان مائیکل کو اپنے کیرئیر میں پانچ سے زائد مرتبہ سال کا بہترین ریسلر قرار دیا گیا جبکہ وہ مسلسل دو بار ڈبلیو ڈبلیوای کے 500بہترین ریسلرز میں سرفہرست رہے ۔شان مائیکل کی یہ خوبی رہی ہے کہ وہ ہمیشہ غیر متنازعہ کشتی لڑتے ہیں اور کبھی شان مائیکل نے رنگ میں کھڑے ہوکر دیگر ریسلرز کی طرح شائقین سے غیر اخلاقی زبان استعمال کی ۔شان مائیکل دورحاضر کا اولین ریسلر ہے جسے شائقین کی جانب سے اس کی ایک ایک حرکت پر بھر پور داد دی جاتی ہے۔

شان مائیکل نے کرس جریکوکو چیلنج مقابلے میں شکست دیکر ایک بار پھر اس بات کا واضح پیغام دیا کہ اس میں آج بھی وہی دم خم ہے جو 90ء کی دہائی میں تھا اور ممکن ہے اس کامیابی کے بعد شان مائیکل فی الحال ریٹائرڈ ہونے کا فیصلہ ترک کردیں کیونکہ یہ واضح ہوگیا ہے کہ اگر شان مائیکل ریسلنگ سے ریٹائرڈ ہوئے تو محض انجری کی وجہ سے ہونگے کیونکہ کسی حریف ریسلر میں یہ ہمت نہیں ہے کہ وہ شان مائیکل باآسانی رنگ سے باہر دھکیل دیں۔

بہرحال ڈبلیو ڈبلیو ای کے شائقین اور شان مائیکل کے پرستار اسے مزید رنگ میں دیکھنا چاہتے ہیں اور اپنے آخری میچ میں فتح کے بعد شائقین نے جس تاریخی انداز میں شان مائیکل کو داد دی اور اس کیلئے نعرے لگائے تو شان مائیکل کیلئے الٹے قدموں پر چلنا مشکل ہوگیا تھا اور رنگ کے ارد گرد کھڑے شائقین کی آنکھوں میں بہتے آنسو ں نے شان مائیکل کو بھی رنجید ہ کردیا اور اس کی آنکھوں سے جھلک رہا تھا کہ وہ خود بھی ریسلنگ سے الگ نہیں ہونا چاہتا لیکن انجریز کے سامنے وہ بے بس تھا تاہم امید کی جارہی ہے کہ شان مائیکل مکمل فٹ ہونے کے بعد دوبارہ رنگ میں لوٹ آئیں گے ۔

مزید مضامین :