پاکستان سكور: 349 زمبابوے سكور: 99 نتیجہ: پاکستان نے 93رنزسے فتح حاصل کی بہترین كھلاڑی: عمران نذیر تفصیل: پاکستانی کرکٹ ٹیم نے ورلڈ کپ کے اپنے آخری میچ میں زمبابوے کو 93رنز سے ہرا دیا۔ میچ کا فیصلہ ڈی ایل میتھڈ پر ہوا۔ بارش کی وجہ سے کھیل کو 20اوورز تک محدود کرنا پڑا۔ قبل ازیں پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے 50اوورز میں 349رنز بنائے۔ عمران نذیر نے شاندار 121گیندوں میں شاندار 160رنز بنائے۔ کامران اکمل 15، شعیب ملک 21، انضمام الحق 37، محمد یوسف 3، یونس خان 28، شاہد آفریدی 16، محمد سمیع 5، افتخار انجم32، عمر گل 10رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ دانش کنیریا 6پر ناٹ آؤٹ رہے۔ انضمام الحق نے زمبابوے کے خلاف اپنے کیریئر کے آخری ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں 35گیندوں پر 2چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 37رنز بنائے۔ باؤلر مپاریوا کی گیند پر ولیمز نے ان کا کیچ لیا۔ آؤٹ ہونے پر زمبابوے کی ٹیم نے ان سے ہاتھ ملایا۔ جبکہ پاکستانی ٹیم بھی گراؤنڈ میں آگئی۔ اس موقعہ پر انضمام الحق اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور ان کے آنسو چھلک پڑے۔ اور وہ روتے ہوئے پویلین لوٹے، تماشائیوں نے تالیاں بجا کر رخصت کیا جس کا انہوں نے بلا لہرا کو جواب دیا۔ جواب میں زمبابوے نے 10.2 اوورز میں 3وکٹ کے نقصان پر 30رنز بنائے تھے کہ کھیل بارش کی وجہ سے روکنا پڑا۔ کھیل سوا دو گھنٹے تک رکا رہا جس کے بعد میچ 20اوورز تک محدود کر دیا گیا۔ زمبابوے کی پوری ٹیم 19.1اوورز میں 99رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ میچ میں شاہد آفریدی نے ون ڈے میں 200وکٹ لینے کا بھی اعزاز حاصل کیا وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے چھٹے پاکستانی باؤلر ہیں انہیں ون ڈے میں 5ہزار رنز پورے کرنے کیلئے 2رنز درکار ہیں۔ انہوں نے 3وکٹ لئے۔ میچ کے آخری اوور کی پہلی گیند پر محمد یوسف نے وکٹ حاصل کی۔