آسٹریلیا سكور: 377.6 سائوتھ افریقہ سكور: 294 نتیجہ: آسٹریلیا نے87 رنزسے فتح حاصل کی بہترین كھلاڑی: میتھیو ہیڈن تفصیل: آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلے راؤنڈ کے آخری میچ میں افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے آسٹریلیا کو کھیلنے کی دعوت دی
چھکے اور چوکوں کی برسات نے اسٹیڈیم میں موجود ہزاروں شائقین کو بے حس کردیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے اوپنر میتھو ہیڈن نے خوبصورت اننگز کھیلی۔ انہوں نے صرف 68 گیندوں پر 101 رنز بناکر ورلڈ کپ میں تیز ترین سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کیا۔ ان کے اسکور میں 14 چوکے اور 4 چھکے بھی شامل تھے۔ آسٹریلیا نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹ پر 377 رنز بنائے۔ پہلی وکٹ کیلئے ایڈم گلکرسٹ اور میتھو ہیڈن نے 106 رنز کی شراکت دے کر اپنی ٹیم کو مضبوط آغاز دیا۔ ان کی جارحانہ اور ذمہ دارانہ شروعات نے جنوبی افریقن بولروں کو ابتداء میں ہی پریشانی سے دوچار کردیا۔ گلکرسٹ کے 42 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد کپتان رکی پونٹگ نے ہیڈن کا بھرپور ساتھ دیا۔ دوسری وکٹ کیلئے مزید 61 رنز کی شراکت دینے کے بعد میتھو ہیڈن نے پویلین کا رخ کرلیا۔ انہوں نے 101 رنز بنائے۔ رکی پونٹگ اور کلارک نے اس مرحلے پر رنز بنانے کی رفتار میں کمی نہیں آنے دی اور تیسری وکٹ کیلئے مزید 61 رنز کی شراکت دے کر جنوبی افریقا کے بولروں کی کمر توڑ دی۔ برق رفتاری اور رنز کے حصول میں مہارت کے باعث افریقا کی فیلڈنگ بھی تتر بتر ہوگئی۔ ان کے فیلڈرز جو اس شعبے میں سب سے زیادہ ماہر تصور کئے جاتے ہیں۔ گراؤنڈ میں محض دوڑتے ہوئے نظر آئے پونٹگ نے 91 گیندوں پر 8 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 91 رنز اسکور کئے۔ تاہم کلارک خاصے غضب ناک موڈ میں نظر آئے۔ 75 گیندوں پر 7 چوکوں اور 4 بلند و بالا چھکوں نے ان کا اسکور 92 رنز تک پہنچادیا۔ کوئی بولر انہیں اپنا شکار نہیں کرسکا اور وہ رن آؤٹ ہوگئے۔ مانیکل سہی 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ سائمنڈز صرف 13 گیندوں پر 2 چوکوں کی مدد سے 18 رنز بنائے۔ واٹسن 9 گیندوں پر 2 چوکوں کے ساتھ 14 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ جنوبی افریقا کے بولروں کی ناقص کارکردگی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ کپتان گریم اسمتھ جنہوں نے دو اوورز کرائے اور 4 رنز دیئے۔ ان کے علاوہ ہر بولر نے 50 سے زیادہ رنز دیئے۔ شان پولاک نے 83 رنز دیئے اور کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے۔ مکھایا این تنی نے 68‘ لینگویلڈ نے 82 رنز دے کر ایک ایک وکٹ لئے۔ اینڈریو ہال نے 60 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ چیک کیلس نے 66 رنز دے کر صرف ایک کھلاڑی کو اپنا شکار بنایا ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کا یہ سب سے بڑا اسکور ہے
جواب میں افریقی ٹیم نے اپنی اننگز کا آغا زبھی انتہائی جارحانہ طریقے سے کیا ۔کپتان گریم اسمتھ اور اے بی ڈی ویلئیر نے آسٹریلیوی بولرز کی خوب دھلائی کی اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 164رنز بنائے ۔جنوبی افریقہ کی پہلی وکٹ ڈیلیئر کی صورت میں گری میں جو 92رنز بنانے کے بعد شین واٹسن کی تھروپر رن آؤٹ ہوگئے ۔اس کے کچھ ہی دیر بعد کپتان سمتھ زخمی ہوکر ریٹائرہرٹ ہوگئے اس کے بعد کوئی بھی افریقی بلے باز متاثر کن کارکردگی دکھانے سے قاصر رہا۔ایک اینڈ پر موجود جیک کیلس نے انتہائی محتاط رویہ اختیا کیے رکھا جس سے رن ریٹ کی اوسط انتہائی کم ہوگئی اور تیز کھیلنے کی کوشش میں افریقی بیٹسمین اپنی وکٹیں گنواتے رہے۔کپتان گریم اسمتھ جب دوبارہ بیٹنگ کرنے آئے تو وہ بھی ناکام ہوگئے اور 74رنز بنانے کے بعد ہوگ کی گیند پرگلکرسٹ کی ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔تیسرے ٹاپ اسکور جیک کیلس تھے جو کہ 48رنز بنانے کے بعدآؤٹ ہوئے۔آسٹریلیا کے 377رنز کے جواب میں افریقی ٹیم 48اوورز میں 294رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئی۔آسٹریلیا کی جانب سے ہوگ نے 2جبکہ بریکن اور ٹیٹ نے 2,2وکٹیں حاصل کیں۔