ویسٹ انڈیز سكور: 190 سری لنکا سكور: 303/5 نتیجہ: سری لنکا نے 113رنز سے فتح حاصل کی بہترین كھلاڑی: سنتھ جے سوریا تفصیل: سنتھ جے سوریا نے شاندار آل راؤنڈکارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیزکو بند گلی میں پہنچادیا۔ سپر ایٹ مرحلے کے اہم میچ میں سری لنکا کے ہاتھوں 113 رنز کے واضح فرق سے ناکامی کے بعد ہوم سائیڈ کی سیمی فائنلز تک رسائی کے امکانات انتہائی تاریک ہوگئے۔ سپر ایٹ مرحلے میں ویسٹ انڈیزکی یہ تیسری مسلسل شکست ہے اور اگلے ناک آؤٹ اسٹیج میں پہنچنے کیلئے اسے باقی تینوں میچز میں لازمی فتح کے ساتھ خوش قسمتی کی بھی شدید ضرورت ہے، تاہم اسے ابھی جنوبی افریقہ، انگلینڈ اور بنگلہ دیش کا سامنا کرنا ہے، ان میں ایک بھی ناکامی اسے ٹورنامنٹ بے باہرکردے گی، اس طرح قوی امکان ہے کہ میزبان سائیڈ کے ورلڈکپ نہ جیتنے کی روایت اس بار بھی برقرار رہے گی۔ ٹاس جیت کر لارا نے مہمان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ ایک موقع پر ان کا فیصلہ درست محسوس ہوتا تھاکیونکہ 36 رنز تک اوپنر اپل تھرانگا اور وکٹ کیپر بیٹسمین کمار سنگاکارا بالترتیب 8 اور 7 رنز بناکر پویلین لوٹ چکے تھے، تاہم کپتان جے وردھنے اور جے سوریا نے ذمہ داری اور احتیاط سے بیٹنگ کرتے ہوئے اننگزکو استحکام دینا شروع کیا، ابتدا میں انہوں نے سست روی اختیارکی لیکن بتدریج ان کے اعتماد میں اضافہ ہوتا گیا اور وہ کیریبین بولرز پر حاوی ہوتے گئے۔ دونوں کے درمیان 173 رنزکی شاندار شراکت ہوئی، اس دوران تجربہ کار اوپنر نے ورلڈکپ 1996 کی یاد تازہ کرتے ہوئے بہترین بیٹنگ کی اور جارحانہ انداز اپنا کر ویسٹ انڈین بولنگ کے پرخچے اڑا دےئے، وہ 101 گیندوں پر 115 رنز بنا کر پاول کی گیند پر بولڈ ہوئے، اس اننگز میں انہوں نے چار فلک بوس چھکے اور 10 دلکش باؤنڈریز لگائیں، دوسری جانب جے وردھنے کی کاوش اسی انداز سے براوو نے ختم کی، وہ 82 رنز اسکورکرنے میں کامیاب رہے، چمارا سلوا نے 23 اور دلشان نے تیز رفتار 39 رنز بنا کر ٹوٹل پانچ وکٹوں کے نقصان پر 303 تک پہنچا کر میزبان ٹیم کو پہاڑ جیسا ہدف دیا اوراس ٹارگٹ کے تعاقب میں کریبین ٹیم ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم صرف 190 رن بناکر پویلین لوٹ گئی۔ بیٹنگ کی طرح جے سوریا بولنگ میں بھی نمایاں رہے، انہوں نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے صرف 38 رنزکے عوض تین شکار کیے۔ واس، ملنگا اور مرلی دھرن کے حصے میں دو، دو وکٹیں آئیں۔ ویسٹ انڈین امیدوں کے محورکپتان برائن لارا میچ میں بری طرح ناکام رہے اور صرف 2 رنز بنا کر واس کی گیند پر اسٹمپڈ ہوگئے۔ سابق کپتان شیو نارائن چندرپال ہوم سائیڈکے بہترین بیٹسمین رہے انہوں نے 5 شاندار چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 76 رنز بنائے۔ سروان 44 رنزکے ساتھ ویسٹ انڈیزکے دوسرے نمایاں بیٹسمین ثابت ہوئے۔ جے سوریا کو شاندارکارکردگی پر مین آف دی میچ ایوارڈ دیا گیا۔