سری لنکا سكور: 235 انگلینڈ سكور: 233/8 نتیجہ: سری لنکا نے 2رنز سے فتح حاصل کی بہترین كھلاڑی: راوی بوپارا تفصیل: ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے سپر ایٹ مرحلے کے سلسلے میں اینٹیگوا میں سابق عالمی چمپئین سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے گئے اہم میچ میں سری لنکا نے دلچسپ مقابلے کے بعد انگلینڈ کو دو رنز سے شکست دے دی۔انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے سری لنکا کو کھیلنے کی دعوت دی تھی۔سری لنکا کی ٹیم مقررہ پچاس اوورز میں235رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔سری لنکا کی جانب سے تھرنگا62اورکپتان جے وردھنے56رنز بنا کر نمایاں رہے تھے۔انگلینڈ کی جانب سے ساجد محمود نے چار اور فلنٹوف نے تین وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں236 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور صرف11رنز پر انگلینڈ کے دو کھلاڑی پویلین واپس لوٹ گئے تھے جن میں جوائس 10اور مائیکل وان0رنز شامل تھے،تاہم اس کے بعد این بیل اور کیون پیٹرسن نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور سری لنکن بولرز کے خلاف کھل کر شاٹس کھیلے،دونوں کے درمیان90رنز کی شاندار شراکت ہوئی،بیل47اور پیٹرسن58رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔دونوں کے آؤٹ ہونے کے بعد کولنگ ووڈ14اور فلنٹوف2رنز بنا کر جلد ہی آؤٹ ہو گئے جس کے بعد انگلینڈ کی ٹیم دباؤ میں آگئی ،تاہم بو پارہ اور نکسن نے کھیل میں جان ڈال دی اور اپنی ٹیم کی امیدوں کو زندہ رکھا۔دونوں نے محتاط انداز میں ہدف کا تعاقب جاری رکھا، نکسن آخری لمحات میں 42رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہو گئے ۔انگلینڈ کو آخری گیند پر میچ جیتنے کے لئے تین رنز درکار تھے تاہم فرنینڈو نے بوپارہ کو کلین بولڈ کر دیا۔بوپارہ نے 52 رنز بنائے۔