لاہور(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک )عثمان مجید عرف بلوپہلوان شیخوریہ نے اچھی ملتانی کو شکست دیکر شیر پنجاب کے خطاب جیت لیا ہے۔گزشتہ روز پنجاب سٹیڈیم میں لاہور میں ہونیوالے ”شیرپنجاب دنگل“میں ہزاروں شائقین کی موجودگی میں مقررہ وقت میں برابر رہنے کے بعد ایکسٹرا ٹائم کے پہلے ہی منٹ میں بلوپہلوان نے رستم ملتان اچھی ملتانی کو پوائنٹس کے بنیادپر شکست دیکر پہلی بار شیر پنجاب دنگل میں فتح حاصل کی۔دوسری جانب کشتی کے اختتام پر اچھی ملتانی نے”اردوپوائنٹ “سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ وہ فیصلے سے مطمئن نہیں ہیں ان کے ساتھ زیادتی کی گئی ہے۔اچھی ملتانی کا کہنا تھا کہ یہ دیسی کشتی کا مقابلہ تھا اور دیسی کشتی میں یا تو مقابلہ برابری پر ختم ہوتا ہے یا پھر کشتی کا از خود فیصلہ ہو جاتا ہے لیکن یہ پوائنٹس سسٹم اپنا کر دیسی کشتی کا مذاق اڑایا گیا ہے ۔ اچھی ملتانی نے کہاکہ کشتی کے منصف نے ان کے ساتھ جانبد اری کا مظاہرہ کیا جس کا اسے دکھ ہے۔شیر پنجاب کا خطاب جیتنے والے بلوپہلوان کا کہنا تھا کہ انہیں یقین تھا کہ وہی اس کشتی کے فاتح ٹھہریں گے کیونکہ انہوں نے اچھی ملتانی سے مقابلہ لڑنے کیلئے بھرپور تیاری کررکھی تھی۔بلوپہلوان نے کہاکہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی اور میرے گھروالوں اور دوستوں کی دعاؤں کی بدولت میں مجھے فتح نصیب ہوئی ہے۔بلوپہلوان نے کہاکہ وہ چاہتے ہیں کہ بشیر بھولا بھالا رستم پاکستان رہیں اگر مستقبل میں وہ یہ اعزاز چھوڑتے ہیں تو میں رستم پاکستان کا اعزاز جیتنے کی کوشش کرونگا۔شیرپنجاب دنگل میں دیگربڑی کشتیوں میں رستم بہاولپور نادر پٹھان نے عثمان رنگ پوریہ کو شکست دی جبکہ شعیب بٹ آٹے والا اور شاہد کھوئے والے کے درمیان مقابلہ برابری پر ختم ہوا۔کناں پہلوان نے موٹا پہلوان کو شکست دی جبکہ سائیں پہلوان اور فیصل پہلوان کے درمیان کشتی کافیصلہ نہ ہوسکا۔خرم پہلوان نے ریمبو کو ہرادیا اور منگا پہلوان نے شہزاد گجر کو شکست دیکر اپنا اعزاز برقرار رکھا۔جبکہ بابر پہلوان کو مانی پہلوان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرناپڑا۔پنجاب سٹیڈیم کی تاریخ میں پہلی بار ہزاروں کی تعداد میں شائقین نے روایتی کشتی کے دلچسپ مقابلے دیکھے۔دنگل کے مہمان خصوصی پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما صوبائی وزیر کھیل اور امور نوجواناں تنویر اسلام رانا نے اچھی ملتانی کو 60ہزار اور بلوپہلوان کو 50ہزار روپے کے نقد کیش انعامات دئیے۔