کراچی (سپورٹس رپورٹر) قومی باکسنگ ٹیم تربیتی دورے پرآج کراچی سے کوریا روانہ ہو رہی ہے اگلے ماہ چین میں ہونے والی ایشین باکسنگ چیمپئن شپ کے تناظر میں قومی ٹیم کے اس دورے کو خاصی اہمیت دی جا رہی ہے ۔پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے چیئرمین میڈیا کمیشن عبیدالرحمن اعوان نے کہا ہے کہ کوریا میں قومی باکسرز ٹریننگ اور کمپی ٹیشن پروگرام میں شرکت کریں گے ٹیم کی کوریا سے واپسی یکم مئی کو ہوگی جس کے بعد 6 سے 7بہترین باکسرز منتخب کر کے انہیں ایشین چیمپئن شپ میں حصہ لینے کے لیے چین بھیجا جا ئے گا۔ ایشین چیمپئن شپ سے واپسی پر باکسرز کو سیف گیمز کی تیاریوں کے لیے ترکی بھیجا جائے گا جہاں استنبول میں وہ میزبان ملک کی دو ٹیموں کے ساتھ ساتھ قازقستان اور آزر بائیجان کی ٹیموں کے ہمراہ ٹریننگ اور کمپی ٹیشن پروگرام میں حصہ لیں گے ۔ کوریا جانے والے 12 باکسرز میں راشد فتح اور نادر بلوچ (48کے جی ) ، محمد وسیم (51کے جی ) ، محمد حسین اور علی محمد (54کے جی ) ، مہرالله اور قادر خان(57کے جی ) ، طارق ضیاء (60کے جی) ، ارشد حسین(64کے جی) ، نادر خان اور در محمد (69کے جی) جبکہ نثار خان 75کے جی شامل ہیں۔ ٹیم کے انچارج سابق اولمپئن ریفری اور پاکستان باکسنگ ریفری جج کمیشن کے چیئر مین علی اکبر شاہ قادری ہوں گے دیگر آفیشلز میں قمر الدین شیخ منیجر جبکہ دوقومی کوچز ارشد حسین اور علی بخش بھی ٹیم کے ہمراہ جائیں گے ۔