کراچی (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کے محمد وسیم ورلڈ باکسنگ چیمپئن شپ کے دوسرے راؤنڈ میں الیگزینڈر الیگزینڈروف سے شکست کھا گئے۔ اس طرح چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والے پانچ میں سے چار باکسر شکست کھا کر ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے ۔ اب پاکستان کو کوارٹر فائنل میں پہنچانے کا دارومدار ٹورنامنٹ میں موجود واحد پاکستانی باکسر راشد فتح کے دھانے پر ہے وہ 48کلوگرام میں ابتدائی راؤنڈ کا اپنا دوسرا میچ اتوار کوکیوبا کے ڈینیل میتلون راموس کے خلاف کھیل کر کوارٹر فائنل تک رسائی کی کوشش کریں گے ۔ محمد وسیم جنہوں نے اپنا پہلا مقابلہ تاجکستانی حریف اوراز اوزلشوف کے خلاف 13-7سے جیتا تھا، ہفتے کو 51 کے جی میں ہونے والے دوسرے مقابلے میں بلغاریہ کے باکسر الیگزینڈر الیگزینڈروف سے باآسانی ہار گئے۔ اس سے قبل گزشتہ روز پاکستانی باکسر مہر اللہ پہلے راؤنڈ کے 57 کے جی کے مقابلے میں جرمنی سے تعلق رکھنے والے سینڈرو سے 1-13 سے شکست کھا گئے۔ لائٹ ویلٹر ویٹ 64کلوگرام میں پاکستان کے عامر خان فلپائن کے جینیبرٹ بیسادرے کے خلاف 5-2کے اسکور سے ہار گئے جبکہ مڈل ویٹ 75کلوگرام میں نثار خان انتہائی سخت مقابلے کے بعد صرف دو پوائنٹس کے فرق سے میچ ہار گئے انہیں کانگو کے باکسر ہنری بیمبے نے 15-13سے شکست دی ۔