کیوبا (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک-30اکتوبر2007) امریکہ نے ورلڈ باکسنگ چیمپئن شپ میں شرکت کرنے کے لئے پاکستانی باکسرز کو ویزا دینے سے انکار کردیا، قومی کھلاڑی چیمپئن شپ میں شرکت سے محروم ہوگئے۔ امریکہ کے شہر شکاگو میں ہونے والی ورلڈ باکسنگ چیمپئن شپ بیجنگ اولمپکس کی تیاری کا حصہ ہے جس میں اولمپکس میں شرکت کے لئے پہلا کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلا جا رہا ہے۔ ورلڈ چیمپئن شپ کے لئے پاکستان کے تین باکسرز نعمان کریم، عابد علی اور اصغر علی شاہ کا نام بھیجا گیا تھا۔ ورلڈ باکسنگ چیمپئن شپ شکاگو میں شروع ہو چکی ہے۔ 7 کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم جس میں دو آفیشلز بھی شامل ہیں اس وقت کیوبا میں تربیت حاصل کررہے ہیں جہاں وہ جنوری تک رہے گی۔ وطن واپس آ کر بیجنگ اولمپکس کے بنکاک میں ہونے والے کوالیفائنگ راؤنڈ میں شرکت کریں گے۔ اس سلسلے کا تیسرا کوالیفائنگ راؤنڈ مارچ میں کرغزستان میں ہوگا۔