لاس ویگاس (سپورٹس ڈیسک) پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے ارجنٹائن کے مارکس میڈانا کو عالمی ویلٹر ویٹ چیمپیئن شپ کے میچ میں شکست دے کر تیسری مرتبہ اپنے اعزاز کا کامیاب دفاع کر لیا۔ لاس ویگاس میں ہونے والی 140پاوٴنڈ ویٹ چیمپین شپ میں عامر خان نے اپنے حریف کو جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے پہلے راوٴنڈ کے اختتام سے 10 سیکنڈ قبل ہی گرادیا۔ پانچویں راوٴنڈ میں ریفری نے میڈانا کے پوائنٹس کاٹے کیونکہ میڈانا نے اشتعال میں آکر کہنی سے وار کرنے کی کوشش کی تھی۔ دسویں راوٴنڈ میں میڈانا نے شاندار دفاع کیا لیکن عامر خان کے تابڑ توڑ حملوں کے سامنے ان کا دفاع بھی کمزور پڑ گیا۔ عامر خان کو ججز اور ریفری نے 114پوائنٹس دیئے۔ دو سال قبل عامر خان میچ کے پہلے ہی راوٴنڈ میں ناک آوٴٹ ہوگئے تھے لیکن ان کی تیاری اور حکمت عملی کا مظاہرہ اس میچ میں نظر آیا۔ نوجوان باکسر عامر اقبال خان نے 2004اولمپکس کے فلائی ویٹ مقابلوں میں سلور میڈل جیت کر دنیا کو اپنی جانب متوجہ کیا۔لائٹ ویٹ کلاس میں 140پاوٴنڈز کے عامر خان نے یوکرین کے اینڈریس کاٹلینک کوہرا کر عالمی ٹائٹل اپنے نام کیاتھا اور پھر 15مئی کو نیویارک میں مالیناگی کو شکست دیکر ٹائٹل کا دفاع کیا۔ اب تک عامر 25باوٴٹس کے لیے رنگ میں اترے ہیں اور24باوٴٹس جیت چکے ہیں۔وہ جولائی 2009 میں مانچسٹر میں ہونے والے مقابلے میں آندریس کوٹلنک کو پوائنٹس پر شکست دے کر پہلی مرتبہ لائٹ ویلٹر ویٹ ورلڈ چیمپئن بنے تھے۔