اسلام آباد( اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک-17ستمبر2007)پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد یحییٰ نے باڈی بلڈرز میں ممنوعہ ادویات کے استعمال کی روک تھام کرنے کیلئے ملک بھر میں شعور اجاگر کرنے سمیت آئندہ سال سے قومی ایونٹس میں کھلاڑیوں کے ڈوپ ٹیسٹ لینے کا اعلان کیا ہے چند سالوں میں ایشین سطح پر میڈلز کا ہدف بنانے سمیت نوجوانوں کی نرسری میں تیار کی جائے گی جبکہ پاکستان ورلڈ مینز باڈی بلڈنگ سمیت ساؤتھ ایشین باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ میں حصہ لے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے بتایا کہ ملک میں باڈی بلڈنگ کھیل کا لامحدود ٹیلنٹ موجود اور نوجوان بڑی تعداد میں باڈی بلڈنگ کو بہت شوق سے اپنا رہے ہیں جبکہ اس کھیل کی ترقی کیلئے فیڈریشن ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے فیڈریشنز کے آئندہ پروگرامز کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پاکستان آئندہ ماہ اکتوبر میں کوریا میں منعقد ہونیوالے ورلڈ مینز باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ میں حصہ لے گا جس کے چناؤ کیلئے ٹرائلز اکتوبر کے پہلے ہفتے لاہور میں منعقد ہونگے جبکہ مسٹر پاکستان ، جونیئر مسٹر پاکستان اور علامہ اقبال چیلنج ٹرافی رواں سال نومبر میں پشاور میں منعقد کی جائے گی جس میں ملک بھر سي400 سے زائد باڈی بلڈرز شرکت کرینگے۔انہوں نے بتایا کہ بھارتی فیڈریشن کے ساتھ ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر مقابلوں کے انعقاد کیلئے بات چیت جاری ہے جس پر جلد پیش رفت ہوگی جبکہ پاکستان آئندہ سال مارچ میں مالدیپ میں منعقد ہونیوالی ساؤتھ ایشین باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ میں بھی شرکت کرئے گا۔