لندن (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک05جون2008) دنیائے فٹ بال کے معروف کھلاڑی اور مانچسٹر یونائیٹڈ کلب کے سابق پلےئر ڈیوڈ بیکہم نے پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈ کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ان کی تقلید کرتے ہوئے مانچسٹر یونائیٹڈ کلب کو چھوڑنے کی غلطی نہ کریں اور ریال میڈرڈ نہ جائیں ۔ ان دنوں تواتر سے یہ خبریں گردش کررہی ہیں کہ رونالڈو کا معاہدہ اسپین کے ریال میڈرڈ کلب سے متوقع ہے جبکہ سر الیکس فرگوسن نے حریف کلب کو کھلاڑی چھیننے سے باز رہنے کے لئے وارننگ بھی دی ہے ۔ سال 2003 میں میڈرڈ جوائن کرنے والے بیکہم کا کہنا ہے کہ میں سمجھتا ہوں کہ رونالڈو اس وقت صحیح کلب میں موجود ہیں جہاں انہیں رکنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ مانچسٹر یونائٹڈ میں چند سالوں سے ہیں جبکہ ان کے پیچھے لوگ ہیں جو اسے بچائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ریال بھی ایک بڑی ٹیم ہے اور دنیا کے سب سے بڑے کلبوں میں سے ایک ہے لیکن یونائیٹڈ میں رونالڈوکا آغاز ہے ۔ سیزن میں 42 گول اسکور کرنے والے رونالڈو کا کہنا ہے کہ وہ اپنے مستقبل کا لائحہ عمل آنے والے دنوں میں دیں گے ۔ ادھر کوچ فرگوسن کا کہنا ہے کہ میں پُراعتماد ہوں کہ رونالڈو کلب میں رکیں گے ۔