لاہور(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک09جون2008) مالدیپ میں ہونے والی ساؤتھ ایشین فیڈریشن (ساف) فٹ بال چیمپئن شپ میں پاکستانی ٹیم کی بدترین کارکردگی پر قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اختر محی الدین کو فارغ کردیا گیا ہے۔ قومی ٹیم کی کارکردگی مسلسل تنزلی کا شکار ہے، اسے بہترکرنے کیلئے غیرملکی کوچ کا تقرر لازمی ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل احمد یار خان لودھی نے بتایا کہ چائنیز تائپے میں قومی ٹیم کی حالت اتنی بری نہیں تھی لیکن ساف چیمپئن شپ میں تینوں میچوں میں شکست سمجھ سے بالاتر ہے۔ پاکستانی نژاد غیرملکی ذیشان جن سے چیمپئن شپ میں کافی امید تھی لیکن وہ پیٹ کی خرابی کے باعث نہیں کھیل سکے جبکہ دیگر کھلاڑیوں نے بھی مایوس کیا۔ ہم فٹ بال کی بہتری کیلئے مسلسل اقدامات کر رہے ہیں لیکن اس کا رزلٹ نہیں مل رہا۔ انہوں نے بتایا کہ فیڈریشن کے سیکرٹری کی حیثیت سے میری رائے ہے کہ ہمیں کھلاڑیوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے ہرصورت غیرملکی کوچ کی تعیناتی پر غورکرنا ہوگا۔ ہمیں اپنے فنڈزکو جنریٹ کرنا ہوگا لیکن اس مسئلے کو سنجیدگی سے لینا ہوگا۔ ایشیا میں صرف پاکستان اور بھوٹان کے اپنے کوچز ہیں جبکہ باقی ٹیموں نے غیرملکی کوچز رکھے ہوئے ہیں۔21 جون کوکانگریس کے ہونے والے اجلاس میں غیرملکی کوچ کے بارے میں اور ٹیم کی صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا۔ قومی ٹیم کے انگلینڈ میں دوستانہ سیریزکھیلنے کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں بات چل رہی ہے۔