ویانا (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک23جون2008) یورو کپ کے چوتھے کوارٹر فائنل میں سپین نے ورلڈ چیمپئن اٹلی کو چار دو سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ میچ کا فیصلہ پینالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔ سپین 26 جون کو سیمی فائنل میں روس کے مدمقابل ہو گا۔ میچ کا مقررہ وقت ختم ہونے تک کوئی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔ اضافی وقت میں بھی مقابلہ برابر رہا۔ تاہم پینالٹی شوٹ آؤٹ پر سپینش گول کیپر اور کپتان ایکر کیسیلاس نے اطالوی کھلاڑیوں ڈینیل ڈی روسی اور انٹونیو ڈی نتالی کی ککس روک کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرا دیا۔ چوتھے کوارٹر فائنل کی صورت میں شائقین کو خوبصورت مقابلہ دیکھنے کو ملا تاہم میچ میں ہر لحاظ سے سپین کا پلہ بھاری رہا۔ سپین 88 سال بعد اٹلی کو کسی بڑے ایونٹ میں شکست دینے میں کامیاب ہوا ہے۔ 1984ء کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ جب سپین نے یورپین چیمپئن شپ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔