لاہور(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک) یورو فٹبال کپ ٹورنامنٹ میں جرمنی نے پہلے سیمی فائنل میں ترکی کو دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست دیکر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے،جرمنی کے فاروڈ شوین سٹائیگر نے اپنی ٹیم کا پہلا گول کیا۔ویانا میں کھیلے جانے والے فائنل میں جرمنی کا مقابلہ سپین اور روس کے درمیان ہونے والے دوسرے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم سے ہوگی۔جرمن ٹیم کو اس مقابلے کے لیے فیورٹ تصور کیا جا رہا تھا لیکن ترکی کی جانب سے پری کوارٹر فائنل اور کوارٹر فائنل میں شاندار کارکردگی کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان ایک کڑے مقابلے کی توقع تھی جو پوری ہوئی۔میچ کے بائیسویں منٹ میں ترکی نے اگور بورال کے گول کی بدولت برتری حاصل کر کے میچ میں سنسنی پیدا کر دی۔ تاہم یہ برتری زیادہ دیر نہ قائم رہ سکی اور جرمنی کے فاروڈ شوین سٹائیگر نے جلد ہی یہ برتری ختم کر دی۔پہلے ہاف کے خاتمے تک مقابلہ ایک ایک گول سے برابر تھا اور یہ سکور میچ کے اناسیویں منٹ تک قائم رہا اور اس موقع پر جرمنی کے میر سلاو کلوز نے گول کر کے جرمنی کو برتری دلا دی۔ٹورنامنٹ کے دوران میچ کے آخری لمحات میں گول کرنے کے لیے جانی جانے والی ترک ٹیم نے ایک بار پھر سیمیہ کے گول کی بدولت میچ برابر کر دیا۔ تاہم میچ کے آخری لمحات جرمنی کے فلپ لاہم نے اپنی ٹیم کی جانب سے تیسرا اور فیصلہ کن گول کر کے اسے فتح دلوا دی۔سیمی فائنل تک رسائی کے لیے جرمنی نے کوارٹر فائنل میں پرتگال کی مضبوط ٹیم کو شکست دی تھی جبکہ ترکی نے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد کروشیا کو پنلٹی ککس پر ہرایا تھا۔