لندن (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک) فٹبال کی گورننگ باڈی کے چیف سیپ بلیٹر نے انگلش کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کو خبردار کیا ہے کہ کرسٹیانو رونالڈو کے ساتھ غلامانہ سلوک بند کیا جائے اور رونالڈو کی رائے کا احترام کرتے ہوئے اسے اس کلب کی طرف سے کھیلنے کی اجازت دی جائے جہاں سے وہ کھیلنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کلبوں کی طرف سے کھلاڑیوں کے ساتھ طویل دورانیے کے معاہدوں کو جدید دور کا غلامانہ طرز بتایا اور کہا کہ میڈرڈ اور مانچسٹر یونائیٹڈ کے بڑے اکٹھے بیٹھ کر رونالڈو کے مستقبل کا فیصلہ کریں۔ فیفا چیف نے کہا کہ فٹبال کے ساتھ فٹبالر کا تحفظ بھی ہمارے دائرہ کار میں آتا ہے اگر کوئی بھی فٹبالر ایک کلب کو چھوڑ کر دوسرے کلب میں جانے کی خواہش رکھتا ہے تو اسے کلب چھوڑنے کی اجازت ہونی چاہئے‘ اب کھلاڑیوں کی خریدوفروخت جس طرح ہوتی ہے اس کی مثال تو فرون اولیٰ میں بھی نہیں ملتی۔ پرتگال کے 23سالہ ونگر رونالڈو مانچسٹر یونائیٹڈ کو چھوڑ کر سپین کی کلب میڈرڈ میں جانا چاہتے ہیں لیکن اس سلسلے میں رکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں۔