لاہور(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک16جولائی 2008) پاکستان فٹبال فیڈریشن کے زیر اہتمام پہلی انٹرکلب وویمنز فٹبال چیمپئن شپ کا فائنل راؤنڈ آج سے لاہور میں شروع ہورہا ہے۔پنجاب سٹیڈیم میں شروع ہونیوالے فائنل راؤنڈ کے افتتاحی میچ میں آج کراچی کے دیا کلب اور وہاڑی یونائٹیڈکے درمیان جوڑ پڑیگا جبکہ دوسرے میچ میں ینگ رائزنگ سٹار اور ڈبلیو پی کلب لاہورایک دوسرے کے مدمقابل ہونگی۔جبکہ دوسری جانب سے فیڈریشن نے نیشنل خواتین کلب چیمپئن شپ کے سپر فور مرحلے میں شریک تمام ٹیموں کی کپتانوں کیلئے بازو پر” کیپٹن آرم بینڈ“کو باندھنا لازمی قرار دیدیا ہے ۔کیونکہ چیمپئن شپ کے پہلے راؤنڈ میں بعض کپتانوں نے کیپٹن آرم بینڈ باندھنے میں عدم دلچسپی کا مظاہرہ کیا تھا جس پر پی ایف ایف نے سختی سے نوٹس لیتے ہیں دوسرے راؤنڈ میں شریک تمام ٹیموں کے کوچز اور ٹیم منیجرپر زور دیا ہے کہ وہ اپنی اپنی ٹیموں کی کپتانوں سے کیپٹن آرم بینڈ باندھنے کو یقینی بنائیں۔ایونٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کپیٹن آرم بینڈ کپتان کیلئے باندھنا انتہائی ضروری ہے کیونکہ اگر گراؤنڈ میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آجاتا ہے تو ریفری کیپٹن آرم بینڈ کی بدولت کپتان کو بلاکر اس سے بات چیت کرتا ہے لہذا بین الاقومی قوانین کے مطابق کیپٹن آرم بینڈانتہائی اہمیت کا حامل ہے اور کپتان اسے باندھے ہوئے فخر محسوس کرتے ہیں لیکن بدقسمتی سے پاکستان میں کیپٹن آرم بینڈ کی اہمیت کے بارے میں بہت کم لوگ جانتے ہیں۔واضح رہے کہ سپر فورمرحلے میں شریک کراچی سے تعلق رکھنے والا دایا وویمنزایف سی،لاہور سے ڈبلیو پی کلب ،راولپنڈی سے ینگ رائزنگ سٹار کلب اور وہاڑی یونائینڈ کلب نے عمدہ کارکردگی کی بدولت دوسری نیشنل وویمنز چیمپئن شپ کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے۔دوسری جانب5 روزتک جاری رہنے والے فائنل راؤنڈ کی فاتح ٹیم 50ہزار روپے کی انعامی رقم کی حقدار ہوگی۔ سابقہ فیفا ریفری عارف صدیقی میچ کمشنر کے فرائض انجام دیں گے جبکہ پاکستان پریمیئر فٹبال لیگ کے اولین ریفری روٴف باری ریفری اسیسر کا رول ادا کریں گے ۔ ریفریز اور نائب ریفریز کی لسٹ میں وحید مراد‘ فیاض صدیقی‘ محمد شمس‘ عیسیٰ خان‘ محمد عرفان‘ ذوالفقار ببلی شامل ہیں۔ اس ایونٹ کے فائنل مرحلے میں لاہور کی ڈبلیو پی کلب‘ کراچی کی دیا کلب‘ پنجاب کے وہاڑی یونائیٹڈ اور راولپنڈی کی ینگ رائزنگ اسٹار شریک ہوں گی۔ فائنل 20جولائی کو شام 6 بجے ہوگا۔(سپورٹس رپورٹر)