لاہور(اردوپوائنٹ سپورٹس رپورٹر)پاکستان میں فٹبال کے فروغ اور نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت کیلئے پی ایف ایف اور دبئی کے مشہور کلب النصرانٹرنینشل فٹبال کلب کے مابین دوسالہ معاہدہ ہوگیا ہے۔گزشتہ فیفافٹبال ہاؤس لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ایف ایف کے سیکرٹری کرنل(ر)احمدیار لودھی اور النصرانٹرنیشل کلب کے ڈائریکٹر نسی بابا نے پریس کانفرنس میں معاہدے کااعلان کیا۔پی ایف ایف کے سیکرٹری نے بتایا کہ پاکستان میں فٹبال تیزی سے ترقی کررہا ہے تاہم فیڈریشن اور کلبز کے پاس پیسوں کی کمی ہے ایسے میں النصرانٹرنیشنل فٹبال کلب کے ساتھ معاہدے سے نہ صرف ملک میں فٹبال ترقی کریگا بلکہ کھلاڑیوں کو مالی طورپربھی فائدہ پہنچے گا۔انہوں نے بتایا کہ النصرکلب پاکستانی نوجوان کھلاڑیوں کواپنے ہیڈ کلب دبئی میں تربیت دیگا اور بیرون ملک مقیم پاکستانی کھلاڑیوں کو اپنے پاس بلا کران کی تربیت کی جائیگی تاکہ پاکستانی ٹیم مضبوط ہوسکے۔اسکے علاوہ النصر انٹرنیشنل پاکستان میں فٹبال کے فروغ کیلئے بھاری رقم خرچ کریگا جس میں کلب فٹبال میں کی بہتری نئے گراؤنڈز کی تیاری اور پرانے گراؤنڈز کی مرمت کے ساتھ ساتھ پاکستانی ٹیم کیلئے انٹرنیشنل ٹورز کیلئے تیاری بھی کلب کی ذمہ داری ہوگی۔النصرکلب کے ڈائریکٹر سی بابا نے اپنی گفتگو میں کہاکہ پاکستان میں فٹبال کا وسیع ٹیلنٹ ہے اور یہاں کے کھلاڑی انتہائی محنتی اور اپنے ملک کیلئے کچھ کرنے کے خواہش مند ہیں یہی وجہ ہے کہ النصر کلب نے اپنے فٹبال کی ترقی کے پروگرام کا آغاز پاکستان سے کیا اور انہیں یقین ہے کہ پی ایف ایف اور النصر کلب ملکر پاکستان میں فٹبال کا بہترین انفراسٹکچر تیار کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔نسی بابا نے بتایا کہ وہ پاکستانی ٹیم کوانٹرنیشنل میڈیا میں متعارف کرانا چاہتے ہیں کیونکہ میڈیا کے بغیر کسی بھی کھیل میں ترقی ممکن نہیں ہے اور النصر کلب پاکستان فٹبال کو بہترین ٹریک فراہم کرکے یہاں کی فٹبال کو عالمی معیار دینا چاہتا ہے اور ان کی خواہش ہے کہ انٹرنیشنل شائقین پاکستانی فٹبال ٹیم میں دلچسپی لیں اس کیلئے النصرکلب ٹیکنیکل کے مالی طور پر پی ایف ایف کی مدد کریگا اور انہیں یقین ہیں کہ اس کے بہترین نتائج مرتب ہونگے۔