لاہور(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک-03ستمبر2007) پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر مخدوم فیصل صالح حیات نے کہا ہے کہ نیشنل انڈر 18چیمپئن شپ کے انعقاد سے ایک مضبوط انڈر 19ٹیم تشکیل دینے میں مدد ملے گی۔ گزشتہ روز یہاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیشنل انڈر 18فٹ بال چیمپئن سے ملک میں فٹ بال کے کھیل کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ اے ایف سی یوتھ چیمپئن شپ میں پاکستان کی ٹیم بھارت، ایران، بحرین، اومان اور لبنان کے خلاف میچ کھیلے گی۔ فیفا اور اے ایف سی ایج گروپ کے ٹورنامنٹس کے لئے سخت قوانین بنائے ہیں تاکہ وہی کھلاڑی اس میں حصہ لے سکیں جو ان کے معیار پر پورا اتر سکیں۔ پاکستان فٹ بال فیڈریشن بھی زائد العمر کے کھلاڑیوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔