لاہور(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک-12ستمبر2007) تیسرا ایف سی پریذیڈنٹ فٹبال کپ 20ستمبر سے 30ستمبر تک لاہور میں ہوگا۔ اس کپ کے 13میچ پنجاب سٹیڈیم، 2میچ ریلوے سٹیڈیم لاہور میں ہوں گے۔ ایونٹ میں کل 8ٹیمیں شرکت کریں۔ ٹیموں کو گروپ اے اور گروپ بی میں تقسیم کیا گیا ہے جن میں گروپ اے میں پاکستان آرمی، رتنام سپورٹس (سری لنکا)، ریگارتزاد (تاجکستان)، ٹرانپورٹس یونائیٹڈ (بھوٹان)، گروپ بی میں کمیرا (کمبوڈیا)، دور دائیو دائی نامو (قازقستان)، تاتنگ (چائنیز تائپے)، مہندا پولیس کلب (نیپال) شامل ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پی ایف ایف کے ڈائریکٹر میڈیا سردار نوید حیدر خان، کرنل (ر) احمد یار خان سیکرٹری پی ایف ایف اور سپانسرز کمپنی پی ایس او کی ڈپٹی جنرل نوین احمد نے فٹبال ہاؤس میں پریس کانفرنس میں کیا۔ انہوں نے بتایاکہ اس انٹرنیشنل ایونٹ کيلئے آنے والی آٹھوں ٹیموں کيلئے ہرطرح کے انتظامات مکمل ہیں جبکہ 5سو سے زائد سیکیورٹی اہلکار سٹیڈیم کے اندر تعینات ہوں گے۔ تمام ٹیموں کيلئے ویزوں کا مرحلہ مکمل کردیا گیا ہے۔ سیکرٹری پی ایف ایف نے بتایاکہ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی گورنر پنجاب خالد مقبول اور اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی ہوں گے۔ صحافیوں کے سوالوں کے جوابات کے دوران انہوں نے بتایاکہ ملک میں سیکیورٹی کا کوئی پرابلم نہیں۔ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم 8میچز کھیل سکتی ہے اور ساؤتھ افریقن کرکٹ ٹیم جلد پاکستان کا دورہ کرنے والی ہے تو میرے خیال سے تمام ٹیمیں انشاء اللہ ایونٹ کا حصہ ہوں گی۔ ایونٹ کا کل خرچ 6لاکھ ڈالر سے زیادہ ہوگا جبکہ پی ایس او سمیت دو اور کمپنیز کی سپانسرشپ 2کروڑ سے اوپر ہے۔ 3لاکھ ڈالر اے ایف سی اور کچھ رقم پنجاب حکومت بھی دے گی۔ حصہ لینے والی ٹیمیں اپنے اپنے ملک کی چیمپئن کلبیں ہیں۔