اسلام آباد (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک03-اکتوبر2007) ارجنٹائن نے جنوبی ایشیا میں فٹبال کے کھیل کے لئے کورسز منعقد کرنے اور کوچ فراہم کرنے کا اعلان کر دیا۔ یہ باتیں پاکستان میں موجود ارجنٹائن کے سفیر راڈولف مارٹن نے پاکستان اور ارجنٹائن کے درمیان کھیلوں کے شعبے میں تعلقات بہتر بنانے کے سلسلے میں کئے گئے معاہدے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیں۔ پاکستان کی طرف سے وفاقی سیکرٹری برائے کھیل اسماعیل حسن نیازی نے معاہدے پر دستخط کیے۔ وفاقی وزیر برائے کھیل میاں شمیم حیدر اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل کرنل ریٹائرڈ صلاح الدین موجود تھے۔ معاہدے کے تحت پاکستان اور ارجنٹائن کے سفیر نے کہا کہ کھیل دنیا میں امن کا پیغام دیتے ہیں اسی کے ذریعے سے کسی بھی ملک کی عوام کو قریب لایا جا سکتا ہے۔ ارجنٹائن جنوبی ایشیا میں فٹبال کے کھیل کے فروغ کیلئے اقدامات کرے گا۔ اس سلسلے میں پہلے مرحلے میں ساؤتھ ایشیا ممالک کو کوچز مہیا کئے جائیں گے جبکہ کورسز کا بھی انعقاد کیاجائے گا۔