میکسیکو سٹی (سپورٹس ڈیسک )میکسیکو نے نویں انڈر 17 ورلڈ فٹ بال کپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا، میکسیکو نے دوسری بار چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا، میکسیکو نے فائنل میں یوروگوئے کو زیر کر کے ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔ تفصیلات کے مطابق میکسیکو میں کھیلے گئے ایونٹ کے فائنل میں میکسیکو نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے یوروگوئے کی ٹیم کو یک طرفہ مقابلے کے بعد 2-0 سے زیر کر کے عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ میکسیکو کی طرف سے اینٹونیو نے کھیلے کے پہلے ہاف کے 31 ویں منٹ میں گول سکور کر کے اپنی ٹیم کو حریف ٹیم کے خلاف 1-0 کی برتری دلا دی، وقفے تک میکسیکو کی ٹیم کو 1-0 کی برتری حاصل تھی۔ دوسرے ہاف کے شروع میں ہی میکسیکو کے گیووانی نے اپنی ٹیم کی طرف سے دوسرا گول کر کے ٹیم کی برتری کو دوگنا کر دیا۔ یوروگوئے نے گول کرنے کے لئے تابڑ توڑ حملے کئے تاہم میکسیکو کے کھلاڑیوں نے ان کی تمام کوششوں کو ناکام بنا دیا۔ میکسیکو نے اس سے قبل 2005 ء میں ورلڈ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ نائیجیریا کو سب سے زیادہ چار بار ورلڈ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل ہے، برازیل نے تین بار جبکہ میکسیکو نے دو بار ٹائٹل اپنے نام کیا۔ دوسری جانب جرمنی نے برازیل کو شکست دے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔