سیئول (سپورٹس ڈیسک )کھیل میں بدعنوانی پر قابو پانے کیلئے جنوبی کوریانے فٹ بال لیگ جھوٹ پکڑنے کی مشین کے ذریعے ٹیسٹ متعارف کر انے کا فیصلہ کیا ہے میڈیا رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا نے یہ اقدام حال ہی میں ملک کے بہترین کھلاڑیوں کا میچ فکسنگ سکینڈل سامنے آنے کے بعد کیا ہے۔ گزشتہ برس ملک میں منعقد ہونے والے فٹ بال کے پندرہ میچوں میں کھیلنے والے کئی کھلاڑیوں پر الزام ہے کہ وہ میچ فکسنگ میں ملوث تھے۔ملک میں فٹ بال کی چھ ٹیموں کے کھلاڑی اِس سکینڈل کے سامنے آنے کے بعد زیر تفتیش ہیں۔جنوبی کوریا کی کے لیگ اس سکینڈل سے نمٹنے کے لیے کئی اقدامات کررہی ہے جس میں چند نئی پابندیاں بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کھلاڑیوں کی تنخواہوں میں بھی اضافہ کیا جارہا ہے۔تمام ایسے کھلاڑی جن پر کسی بھی بے قاعدگی کا شبہ ہوگا انہیں جھوٹ کی نشاندہی کرنے والی مشین سے گزرنا ہوگا۔ایسے تمام کلب جن پر میچ فکسنگ کے الزامات ثابت ہوں گے ان پر پابندی عائد کردی جائے گی۔ تمام کھلاڑیوں کو بدعنوانی سے محفوظ رہنے کے لیے منعقد ہونے والے سیمیناروں میں شرکت کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے اور جو ان سیمیناروں میں شرکت نہیں کرے گا اسے معطل کردیا جائے گا۔دوسری جانب کے لیگ نے کہا ہے کہ وہ کھلاڑیوں کی تنخواہوں کو دوگنا کردے گی تاکہ بدعنوانی کی جانب مائل ہونے کے رجحان پر قابو پایا جاسکے۔اس وقت ایک کھلاڑی کی کم سے کم تنخواہ گیارہ ہزار ڈالر سالانہ ہے جو قومی آمدنی کا نصف ہے۔اب تک 46کھلاڑی اور گیارہ جواریوں پر میچ فکسنگ سکینڈل میں ملوث ہونے کے الزامات عائد کیے جاچکے ہیں۔استغاثہ کا الزام ہے کہ کھلاڑیوں نے گزشتہ سال رشوت لینے کے بعد کم سے کم پندرہ میچوں کے دوران جان بوجھ کر غلطیاں کیں۔دس کھلاڑیوں پر اب تک کھیلنے پر تاعمر پابندی عائد کردی گئی ہے۔