لاہور(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک11-مارچ2008)اے ایف سی چیلنج کپ کیلئے قومی فٹ بال ٹیم کا اعلان 20 مارچ کو ہوگا۔ اے ایف سی چیلنج کپ کوالیفائی راؤنڈ کھیلنے سے پہلے قومی فٹ بال ٹیم دو میچز کیلئے نیپال کا دورہ کرے گی۔ قومی فٹ بال ٹیم کے چیف کوچ اختر محی الدین نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان فٹ بال ٹیم 25 مارچ کو 2 میچز کھیلنے کیلئے نیپال کا دورہ کرے گی۔ جہاں سے فلائٹ کی عدم دستیابی کے باعث قومی ٹیم واپس پاکستان آکر اے ایف سی کپ کوالیفائی راؤنڈ کے لئے چین روانہ ہوگی۔ اے ایف سی چیلنج کپ کوالیفائی راؤنڈ کا آغاز2 اپریل سے ہوگا جہاں قومی ٹیم اپنے افتتاحی مارکے میں میزبان چائنی تائی پے کے خلاف نبردآزما ہوگی۔ 4 مارچ کو پاکستان کا سری لنکا سے مقابلہ ہوگا جبکہ 6 مارچ کو آخری راؤنڈ میچ میں پاکستان اور گوام کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ قومی ٹیم کے اعلان کے بارے میں چیف کوچ کا کہنا تھا کہ اے ایف سی کوالیفائی راؤنڈ کے لئے قومی ٹیم 20 سے 23 کھلاڑیوں پر مشتمل ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب سٹیڈیم مل جانے سے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی بھرپور انداز میں ٹریننگ جاری ہے۔ انہوں نے میڈیا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ذرائع ابلاغ کے توسط سے فٹ بال سٹیڈیم میں کھلاڑیوں کی پریکٹس ممکن ہوسکی ہے جس سے قومی فٹ بال ٹیم کی بہت سی مشکلات آسان ہوگئی ہیں۔