پیرس (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک28-مارچ2008 ) فرانس نے دوستانہ فٹ بال میچ میں انگلینڈ کو1-0 سے ہرا دیا۔ ایک اور میچ میں اسپین نے عالمی چیمپئین اٹلی کو اور ہالینڈ نے آسٹریا کو شکست دیدی۔ انگلینڈ اور فرانس کے درمیان کھیلا جانے والا میچ اس لحاظ سے بھی دلچسپی کا حامل تھا کہ یہ انگلینڈ کے سابق کپتان ڈیوڈ بیکہم کے کیریئر کا سواں انٹرنیشنل میچ تھا لیکن بدقسمتی سے وہ اسے یادگار بنانے میں ناکام رہے اور فرانس نے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد میچ 1-0 سے جیت لیا۔ میچ کا واحد اور فیصلہ کن گول32 ویں منٹ میں فرینک ربیری نے پنالٹی شوٹ پر کیا۔ادھر ہالینڈ نے آسٹریا کو4-3 سے شکست دی ۔اسی سلسلے میں کھیلا گیا اسپین اور اٹلی کا میچ بھی انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز رہا اور اسپین نے مقابلہ 1-0 سے جیت لیا۔ یونان، جرمنی اور رومانیہ کی ٹیموں نے بھی دوستانہ میچ جیت لئے جبکہ سویڈن، روس، پرتگال اور سوئٹزرلینڈ کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ کروشیا اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان میچ ایک ایک گول سے برابر رہا جبکہ میکسیکو نے گھانا کو 2-1 سے شکست دی۔ ارجنٹائن کی ٹیم نے مصر کو 2-0 سے ہرایا۔دوسری جانب امریکا نے پولینڈ کو یکطرفہ مقابلہ کے بعد3-0 سے زیرکیا۔ امریکا کی طرف سے کارلوس بوکینگرا، اگنچی اونیو اور ایڈی لیوس نے گول اسکور کئے۔