لاہور(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک03-اپریل2008) اے ایف سی چیلنج کپ میں پاکستان نے گروپ اے میں چائنیز تائپے کو 2-1 سے شکست دے دی۔ پاکستان کی ٹیم 4 اپریل کو سری لنکا سے اور 6 اپریل کو گوام سے میچ کھیلے گی۔ پاکستان اور تائپے کے درمیان 50 سال کے بعد مقابلہ ہوا تھا۔ 14 ویں منٹ میں کپتان اور چمن سے تعلق رکھنے والے محمد عیسیٰ نے گول کر کے پاکستان کو برتری دلا دی۔ انہوں نے خوبصورت گول اسکور کیا۔ کھیل کے31 ویں منٹ میں آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے23 سالہ مائیکل مسیح نے پاکستان کی جانب سے دوسرا گول کر کے اس کی برتری میں مزید اضافہ کر دیا۔ تائیوان کے پی ای کالج کے گراؤنڈ پر کھیلے گئے اس میچ میں مہمان کھلاڑیوں نے غیرمعمولی کارکردگی کے ذریعے حریف کو پریشانی سے دوچار رکھا۔ 25 مئی 1958ء کو ٹوکیو میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کو 3-1 سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ پاکستانی فٹ بال ٹیم کے کوچ اختر محی الدین نے کہاکہ ہم نے بہتر کھیل کے ذریعے فتح حاصل کی۔ کپتان محمد عیسیٰ نے کہاکہ ہم کھلاڑیوں کی پرفارمنس سے مطمئن ہیں، ہماری کوشش ہوگی کہ اگلے دونوں میچوں میں جیت کراگلے راؤنڈ تک رسائی حاصل کریں۔