لاہور(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک02مئی 2008)پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے زیر اہتمام ہونے والی قومی چیلنج فٹ بال کپ کے پہلے روز واپڈا نے سوئی سدرن گیس کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 9-0 سے اور نیوی نے پرل ریفریجریٹر کو 2-0 سے شکست دیکر کامیابی حاصل کرلی۔ پیپلز فٹ بال اسٹیڈیم لیاری میں کھیلے جانے والے افتتاحی میچ میں واپڈا کے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور کھیل کے پورے وقت مخالف ٹیم پر حاوی رہے جبکہ حریف ٹیم سوئی سدرن گیس بالکل بے بس نظر آئی۔ قبل ازیں ممبر صوبائی اسمبلی سندھ انجینئر رفیق احمد نے کک لگا کر افتتاح کیا۔ اس موقع پر پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سیکرٹری لیفٹیننٹ کرنل (ر) احمد یار خان، ڈائریکٹر آپریشن پی ایف ایف کمانڈر (ر) پرویز میر، نائب صدر خادم علی شاہ، سندھ فٹ بال ایسوسی ایشن کے چیئرمین غلام عباس بلوچ، کوآرڈینیٹر حسین بخش بلوچ اور دیگر آفیشلز موجود تھے۔ واپڈا کی جانب سے قمرالزمان اور کپتان عارف محمود نے 3-3 اور عمران نیازی نے 2 گول اسکور کئے جبکہ خدا بخش نے ایک گول کیا۔ دوسرے میچ میں جو کے ایم سی سٹی ڈسٹرکٹ فٹ بال اسٹیڈیم پر کھیلا گیا اس میں نیوی نے پرل ریفریجریٹر کے خلاف 2-0 سے کامیابی حاصل کرلی۔