کراچی (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک16مئی 2008) پاکستان نیوی نے کے آر ایل کو 3-1 سے کامیابی حاصل کرکے قومی چیلنج فٹبال کپ جیت لیا ہے ۔ فاتح ٹیم کے کھلاڑی پورے میچ میں چھائے رہے اور کے آر ایل کے کھلاڑیوں کیلئے گیند کا حصول بھی مشکل بنا دیا۔ میچ کے ہیرو سجاد احمد تھے جنہوں نے دو خوبصورت گول کئے۔ ٹورنامنٹ میں چھ گول اسکور کرکے سجاد احمد نے ٹاپ اسکورر کا اعزاز حاصل کرتے ہوئے 20 ہزار روپے کا انعام حاصل کیا۔ بہترین کھلاڑی ثمر اسحاق کو قرار دیا گیا جبکہ بہترین گول کیپر کا اعزاز پی آئی اے کے بلال رفیق کو دیا گیا۔ نیوی نے 1948 کے قومی ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔ میچ کے مہمان خصوصی وزیراعلٰی سندھ سید قائم علی شاہ تھے جنہوں نے فاتح ٹیم پاکستان نیوی کے کپتان کو محمد رمضان کو خوبصورت ٹرافی اور ایک لاکھ روپے کی رقم جبکہ رنر اپ کے آر ایل کے کپتان محمد عیسٰی کو 75 ہزار روپے اور ٹرافی، نمبر تین پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم نیشنل بینک کو 50 ہزار روپے کی انعامی رقم دی۔ اس موقع پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل کرنل (ر) احمد یار خان لودھی، ڈائریکٹر آپریشنز پرویز سعید میر بھی موجود تھے۔ جمعرات کو پیپلز اسٹیڈیم میں میچ کا آغاز سنسنی خیز انداز میں ہوا جب کھیل کے 13 ویں منٹ میں پہلا گول نیوی کے سجاد احمد نے اسکور کرکے اپنی ٹیم کو ایک صفر کی برتری دلا دی۔ چھ منٹ کے وقفے کے بعد کے آر ایل کے کھلاڑیوں نے جوابی حملہ کیا اور شاہد احمد نے گول کرکے میچ ایک ایک گول سے برابر کردیا۔ میچ کا پہلا ہاف ایک ایک گول سے برابری پر ختم ہوا۔ دوسرے ہاف میں نیوی کے کھلاڑی جیت کا جذبہ لئے میدان میں داخل ہوئے اور کے آر ایل کیلئے گیند کا حصول مشکل بنا دیا۔ اس دوران نیوی کی ٹیم نے مکمل کمبی نیشن سے مخالف ٹیم کے گول پوسٹ پر کئی حملے کئے۔ 69 ویں منٹ میں نیوی کے سجاد نے اپنا اور ٹیم کا دوسرا گول کرکے ٹیم کو 2-1 کی برتری دلا دی۔ اس گول کے ساتھ ہی سجاد نے چمپپئن شپ میں سب سے زیادہ چھ گول کرنے کا اعزاز بھی حاصل کرلیا۔ اس دوران کے پی ٹی نے جوابی حملہ کیا لیکن نیوی کے گول کیپر نے عمدہ انداز میں گیند کو گول پوسٹ سے باہر پھینک دیا۔ اس دوران سجاد کا کھیل قابل ذکر تھا۔ انہوں نے گول کرنے کوششیں کیں لیکن ناکام رہے۔ 80ویں منٹ میں نیوی کے آصف محمود نے ساتھی کھلاڑی کے پاس پر خوبصورت گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کا اسکور 3-1 کردیا۔ کھیل ختم ہونے سے آٹھ منٹ قبل آخری لمحات میں مخالف کھلاڑیوں کو روکنے پر ریفری نے محمد وسیم خان کو یلو کارڈ دکھایا جس پر ٹیم کے کپتان محمد رمضان نے ریفری سے بات کرنا چاہی تو ریفری نے انہیں بھی یلو کارڈ دکھاتے ہوئے کے آر ایل کو پینلٹی کک ایوارڈ کردی لیکن نیوی کے گول کیپر شہزاد نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور شاہد احمد کی جانب سے لگائی گئی کک کو گول سے باہر پھینک دیا۔ میچ کمشنر عبدالشکور اور ریفری انسپکٹر قمر یار تھے۔