لاہور(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک )انٹرکلب وویمنز فٹبال چیمپئن شپ میں لاہور زون کے آخری میچ میں شبانہ کوثر کی شاندار ڈبل ہیٹ ٹرک کی بدولت واپڈا نے لاہور فائٹر کو 11-0 سے شکست دیدی۔ یہ چیمپئن شپ میں اب تک سب سے بڑی کامیابی ہے۔ اس فتح کے ساتھ واپڈا کی ٹیم لاہور زون کی فاتح قرار پائی۔ چنیوٹ سے تعلق رکھنے والی لاہور کی واپڈا کلب کی شبانہ کوثر قومی خواتین کلب چیمپئن شپ کے لیگ میچوں کے اختتام پر سب سے زیادہ گول کرنے والی کھلاڑی بھی بن گئی ہیں۔ انہوں نے چیمپئن شپ کے تین لیگ میچوں میں 11 گول اسکور کیے۔ اسلام آباد زون کے تحت ہونے والے مقابلوں میں راولپنڈی کی ینگ رائزنگ جبکہ سیالکوٹ میں ینگ رائزنگ کلب وہاڑی نے ٹاپ پوزیشن حاصل کی۔ کراچی زون کی پانچ ٹیموں کے مقابلے 20 جون سے جاری ہوں گے۔ اگلے راؤنڈ کے میچز کا آغاز جولائی میں ہوگا جس کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ دریں اثناء پی ایف ایف نے انٹرکلبز خواتین فٹ بال چیمپئن شپ کے ڈراز کا اعلان کردیا ہے۔ کراچی زون کی پانچ ٹیموں میں دیا خواتین فٹ بال کلب، کالونی اسپورٹس، کراچی ڈولفنز، سندھ سوکریٹیز اور کراچی ککرز کی ٹیمیں شامل ہیں۔ ان ٹیموں کے مقابلے 20 جون سے شروع ہوں گے اور 28 جون کو اختتام پذیر ہوں گے۔