لاہور (اردوپوائنٹ سپورٹس رپورٹر) پاکستان کے عالمی نمبر29 اور ٹاپ سیڈ فرحان محبوب نے جمعرات کو یہاں پاکستان نیوی روشن خان جہانگیر خان اسکواش کمپلیکس میں عالمی نمبر34 عامر اطلس کو 78 منٹ کے سخت مقابلے کے بعد شکست دے کر چیف آف نیول اسٹاف اسکواش ٹائٹل جیت لیا۔ بعد میں مہمان خصوصی چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نعمان بشیر نے انعامات تقسیم کئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نیوی اسکواش کی ترقی اور فروغ کے لئے بھرپور تعاون کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہاکہ ہماری خواہش اور کوشش ہے کہ پاکستان اسکواش میں اپنا کھویا ہوا مقام اور مرتبہ دوبارہ سے حاصل کرسکے۔ بعد میں مہمان خصوصی نے کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ جمعرات کو کھیلے گئے فائنل میں فرحان محبوب نے عامر اطلس کے خلاف 11-7، 11-6، 7-11، 11-8 اور 7-11 کے مارجن سے کامیابی حاصل کی۔