الخوبار (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک ) مصری کھلاڑی کریم درویش نے شاندار اور حیران کن کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سعودی انٹرنیشنل اسکواش ٹائٹل جیت لیا۔ رواں سال ان کے کیریئر کا بہترین سال ہے۔ جس میں انہوں نے دنیا کے سب سے بڑے اور ڈھائی لاکھ انعامی مالیت والے پی ایس اے ٹور سپر سیریز پلاٹنیم ایونٹ میں فتح حاصل کی۔ فائنل میں انہوں نے نمبر دو سیڈ فرانس کے گریگری گولٹیئر کو شکست دی۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان فائنل 52 منٹ جاری رہا جس میں نمبر سات سیڈ کریم درویش نے 11-9، 11-5، 3-11 اور 11-8 سے فتح اپنے نام کی۔ دونوں فائنلسٹ کھلاڑیوں کے درمیان رواں سال یہ پانچواں موقع تھا جب وہ کسی میچ میں مدمقابل تھے۔ فائنل جیتنے پر انہیں خوبصورت ٹرافی اور 37 ہزار 400 ڈالرز کی انعامی رقم بھی دی گئی۔ اس موقع پر 27 سالہ کریم درویش نے کہا کہ یہ میرے کیریئر کا سب سے عظیم موقع ہے، میں نے اپنے خواب کی تعبیر پائی، میں نے اس ایونٹ کے فائنل میں پہنچنے کیلئے سخت محنت کی، جس کا ثمر ملا۔ کھیل کے دوران شائقین نے بھرپور سپورٹ کیا جسے کبھی نہیں بھلا سکوں گا، ان کی ہمت افزائی نے میرے جیت کے جذبے کو مزید جگا دیا۔ وہ میری جیت کیلئے نعرے لگا رہے تھے۔