اسلام آباد (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک-13ستمبر2007) برٹش اوپن سکواش چیمپئن شپ 18سے 24ستمبر تک انگلینڈ میں کھیلی جائیگی۔ پاکستان کا 5رکنی دستہ چیمپئن شپ میں حصہ لے گا۔ یاسر اور فرحان محبوب کو کوالیفائنگ جبکہ عامر اطلس اور منصور زمان مین راؤنڈ میں شامل ہیں۔ چیمپئن شپ میں 40ممالک کے کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ گزشتہ سال کھیلی گئی چیمپئن شپ میں عامر اطلس، منصور زمان اور شاہد زمان نے پاکستان کی نمائندگی کی تھی، شاہد زمان پہلے کوالیفائنگ راؤنڈ میں ہار گئے تھے جبکہ عامر اطلس اور منصور دوسرے کوالیفائنگ راؤنڈ میں شکست سے دوچار ہوئے تھے۔ پاکستان سکواش فیڈریشن کے سیکرٹری محمد شمس نے بتایا کہ چیمپئن شپ میں حصہ لینے کيلئے کھلاڑیوں نے سخت محنت کی ہے۔