اسلام آباد(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک-25-ستمبر2007) سکواش کے سابق ورلڈ چیمپئن جان شیر خان نے کہا ہے کہ برٹش اوپن سکواش چمیپئن شپ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی ناقص کارکردگی نے قوم کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے، اگر یہی صورتحال رہی تو پاکستان کبھی ورلڈ چیمپئن نہیں بن سکتا، فیڈریشن موجودہ کھلاڑیوں پر پیسہ خرچ کرنے کے بجائے نئے ٹیلنٹ کی تلاش کرے۔ سکواش میں سیاست کی وجہ سے یہ کھیل تباہ ہو کر رہ گیا ہے، صدر جنرل پرویز مشرف سکواش کے تیزی سے گرتے ہوئے معیار کا فوری نوٹس لیں۔ پاکستان میں ہونے والی چیمپئن شپ میں عالمی رینکنگ میں 20 درجوں سے اوپر رینکنگ والے کھلاڑی حصہ لیتے ہیں۔ فیڈریشن کو چاہئے کہ ایسی چیمپئن شپ منعقد کرے جس میں ورلڈ کے ٹاپ 20 کھلاڑی حصہ لیں۔ برٹش اوپن سکواش چیمپئن شپ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی بدترین شکست کی ذمہ دار فیڈریشن اور کوچنگ ہے۔