لاہور(سپورٹس ڈیسک) عامر اطلس خان اور فرحان محبوب ملائشین اوپن اسکواش کے پہلے راؤنڈ میں کامیابی حاصل کرکے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔ کوالیفائر پاکستانی کھلاڑی یاسر بٹ ٹاپ سیڈ امر شبانہ سے شکست کھا گئے۔ ملائشیا کے شہر کوالالمپور میں ہونے والی چیمپئن شپ کے پہلے راؤنڈ کے میچوں میں ٹاپ سیڈ امر شبانہ نے یاسر بٹ کو صرف 25 منٹ کے کھیل میں 11-3، 11-1 اور 11-5 سے شکست دی، دیگر میچوں میں نمبر آ ٹھ سیڈ پاکستان کے فرحان محبوب اور آسٹریلیا کیمرون پیلے کے درمیان ایک گھنٹے سے زائد مقابلہ جاری رہا، جس میں فرحان نے 10-12، 8-11، 11-6، 4-11 اور 11-7 سے، نمبر چار سیڈ انگلینڈ کے جیمز ول اسٹروپ نے مصر کے ہشام آشور کو، نمبر پانچ سیڈ مصر کے ازلان اسکندر نے ہم وطن عمر موساد کو، نمبر چھ سیڈ ملائشیا کے اونگ بینگ ہی نے ہم وطن محمد اشرف ازان کو اور نمبر سات سیڈ پاکستان کے عامر اطلس خان نے کوالیفائر فرانس کے رینان لیوگنے کو ہرا کر کوارٹر فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ چیمپئن شپ کے خواتین مقابلوں میں ٹاپ سیڈ ملائشیا کی نکول ڈیوڈ، نمبر دو سیڈ آسٹریلیا کی ریشائل گرینہام، نمبر تین سیڈ ہالینڈ کی گرین ہام اور نمبر چار سیڈ انگلینڈ کی ایلیسن واٹرز نے فتح حاصل کرکے کوارٹر فائنل کیلئے جگہ بنا لی۔