اسلام آباد(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک06-نومبر2007) قومی سکواش ٹیم کے کوچ فہیم گل نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان آئندہ دوسال تک ورلڈ چیمپئن بن جائے گا، سینئر کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ جونیئر کھلاڑیوں پر خاص توجہ دی جا رہی ہے، کھلاڑیوں کا بیک اپ سکواڈ تیار کرنا پڑے گا۔ اے این این کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ میری پوری کوشش ہے کہ پاکستان کو اگلے دوسال تک ورلڈ چیمپئن بنا دوں۔ اس کے لئے ہمیں گراس روٹ لیول سے کھلاڑیوں کو آگے لانا ہوگا۔ پاکستان سکواش فیڈریشن اس حوالے سے خصوصی اقدامات کررہی ہے۔ ہمارے ملک میں ٹیلنٹ بہت ہے لیکن صرف اس کو تراشنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان اوپن سکواش چیمپئن شپ میں دنیا کے ٹاپ رینکنگ کھلاڑی حصہ لیں گے جس سے ہمارے کھلاڑیوں کو بھی فائدہ ہوگا۔ انہوں نے بتایاکہ کھلاڑیوں کی تربیت کيلئے نئے کوچ رکھے جارہے ہیں تاکہ ہرکھلاڑی کو کوچ کی پوری توجہ مل سکے۔