اسلام آباد (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک16-نومبر2007) پاکستان اوپن اسکواش چیمپئن شپ جمعہ سے مصحف علی میر اسکواش کمپلیکس اسلام آباد میں شروع ہوگی جو 19 نومبر تک جاری رہے گی۔ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی وائس چیف آف دی ائر اسٹاف ائر مارشل شاہد لطیف مہمان خصوصی ہوں گے چیمپئن شپ میں مردوں کے مقابلوں میں ظاہر شاہ نے وسیم شاد کو 59 منٹ کے مقابلے کے بعد 11-9، 11-4، 11-8، 9-11 اور 8-11 کے مارجن سے ہرایا۔ سفیر اللہ نے کاشف خان کو 11-2، 11-4، 11-3 سے شکست دی یہ میچ بھی 59 منٹ تک جاری رہا امجد خان نے نوشیروان کو صرف 18 منٹ میں 11-5، 11-6 اور 11-3 کے اسکور سے مات دے کر کوالیفائنگ دوڑ سے باہر کر دیا جبکہ عاقب حنیف نے شیخ ثاقب کو 11-4، 11-9، 11-8 سے ہرایا یہ میچ 25 منٹ جاری رہا چاروں کامیاب کھلاڑیوں نے مین راؤنڈ میں جگہ حاصل کر لی ہے۔ جمعرات کو خواتین کے ایونٹ میں ہانگ کانگ کی کرسٹینا مارک نے پاکستان کی ملیحہ شاہد کو 9-1، 9-1 اور 9-1 سے ہرایا، مقدس اشرف نے رفعت خان کو 9-0، 9-4، 9-0 سے ویلز کی ڈیون سفیری نے زویا خالد کو 9-4، 9-4، 4-9 اور 9-3 سے، عالیہ سرفراز نے گل زمان کو 9-3، 9-3، 9-4 سے، اور شہانہ محبوب نے صائمہ شوکت کو 9-2، 9-3، 7-9 اور 9-2 سے شکست دی۔ انگلینڈ کی کرسٹی میسپی نے حبیسہ خان کو 9-0، 9-1، 9-1 سے، ماریہ طور نے الہم رمی زینی کو 17 منٹ کے مقابلے میں 9-2، 9-0 اور 9-0 سے جبکہ ڈونا یوکوہارٹ نے صائمہ پیڈبوڈ کو صرف 9 منٹ میں 9-0، 9-1 اور 9-1 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ حاصل کر لی۔ کوارٹر فائنل جمعے کو کھیلے جائیں گے۔