اسلام آباد (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک20-نومبر2007)پاکستان کے عامر اطلس خان نے ہم وطن منصور زما ں کو ہرا کر پاکستان اوپن سکواش چیمپین شپ جیتنے کا اعزازحاصل کرلیا ہے۔مصحف سکواش کمپلیکس اسلام آباد میںکھیلے جانیوالے فائنل میں عامر اطلس خان نے پاکستان نمبر ون اور ٹاپ سیڈ منصور زمان کے خلاف نو دو ، نو پانچ اور نو سات سے کامیابی حاصل کی ۔عامر اطلس خان نے یہ فائنل 22منٹ میں باآسانی جیتا اور پورے کھیل میں پاکستان کے نمبر ون کو سنبھلنے نہیں دیا انہوں نے بہترین فور ہینڈ، بیک ہینڈ کے ساتھ ساتھ زبردست ڈراپ شارٹس کا مظاہرہ کیا۔چئیرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی کے جنرل طارق مجیدفائنل کے موقع پر مہمان خصوصی تھے انہوں نے کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے اور پاکستان میں سکواش کی ترقی کے لئے ایک ملین کی گرانٹ کا بھی اعلان کیا اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا میں پاکستان کے بارے میں کنفیوژن اور غلط فہمیاں پائی جاتی ہے کہ شاید پاکستان میں ہر طرف شیلنگ ہو رہی حالانکہ پاکستان دنیا کے کسی بھی ملک سے محفوظ ملک ہے۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل تنویر محمود احمد، پاکستان سکواش فیدریشن کے سینئر نائب صدر ائیر وایس مارشل عاصم سلیمان، وارید پاکستان کے جنرل منیجر سیل اینڈ ڈسٹربیوشن فرخ حیات اور کھیلوں سے تعلق رکھنے والی کثیر تعداد میں شخصیات اور تماشائیوں کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔