اسلام آباد(سپورٹس ڈیسک) پاکستان نمبر ایک عامرا طلس برٹش گرینڈ پریکس میں شرکت کیلئے 19 ستمبر کو انگلینڈ روانہ ہوں گے۔ ایونٹ نیشنل سکوائش سنٹر مانچسٹر میں 19 ستمبر سے شروع ہوگا۔ ایونٹ میں دنیا بھر کے 16 ممالک سے 20 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ 21 سالہ عامر اطلس کے والد اطلس خان نے کہا ہے کہ انہوں نے ایونٹ میں شرکت کیلئے پہلے 6 ستمبر کو روانہ ہونا تھا لیکن ان کا میچ 20 ستمبر کو ہونے کے باعث وہ اب 19 ستمبر کو روانہ ہوں گے۔ ایک انٹرویو میں اطلس خان نے کہا کہ عامر اطلس نے ایونٹ میں شرکت کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایون میں 2 دن دیر سے جانا ان کے لئے سود مند ثابت ہوگا۔ اطلس خان نے کہا کہ عامر اطلس نے ایونٹ کیلئے بھرپور محنت کی ہے اور وہ بھرپور فارم میں ہے اور ان سے ایونٹ میں بہتر توقعات وابستہ ہیں۔ جب اس حوالے سے پاسکتان سکوائش فیڈریشن (پی ایس ایف) سے رابطہ کیا گیا تو فیڈریشن کے سیکرٹری ونگ کمانڈر عرفان اصغر نے بتایا کہ فیڈریشن کھلاڑی کو کارکردگی کی بنیاد پر بین الاقوامی مقابلوں میں حصہ لینے کیلئے ہر طرح کا تعاون فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایونٹ میں عامر اطلس کی کارکردگی بہتر رہی تو فیڈریشن ایونٹ میں شرکت کیلئے کئے گئے اخراجات ادا کر دے گی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی کھلاڑیوں کو ادائیگیاں کی جاتی رہی ہیں۔ عرفان اصغر نے کہا کہ فیڈریشن کھلاڑیوں کو ماہانہ وظیفہ دینے کے علاوہ ان کو سہولتیں فراہم کرنے میں بھی کوشاں ہے جس کی وجہ سے عامر اطلس کو صرف 5 دن میں برطانیہ کا ویزہ ملا ہے۔ واضح رہے 7 روزہ ایونٹ 25 ستمبر کو اختتام پذیر ہوگا۔