لاہور(اُردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک11-فروری 2008) پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کے انتخابات میں لیفٹیننٹ جنرل (ر) عارف حسن ایک مرتبہ پھر اگلے چار سال کی مدت کیلئے صدر اور عبدالخالق سیکریٹری منتخب ہوگئے ۔ لاہور میں ہونے والے اجلاس میں تمام عہدیداروں کا انتخاب بلامقابلہ ہوا جس میں نائب صدر اور ایسوسی ایٹ سیکریٹریز کے علاوہ ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان کی تعداد میں کمی کی گئی ہے ۔ تاہم ملک میں خواتین کے کھیلوں کی ترقی کیلئے 6 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں شاہدہ فاروق، روبینہ عرفان، پروین سکندر گل، صادقہ افضل، ڈاکٹر یاسمین رشید، ثریا علاوٴالدین شامل ہیں۔ ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان کی تعداد 26 سے 23 کردی گئی ہے ۔ میجر (ر) محمد افضل ایک مرتبہ پھر خزانچی منتخب ہوئے ۔ ایسوسی ایٹ سیکریٹریز کیلئے ایس او اے کے سیکریٹری احمد علی راجپوت، کرنل (ر) محمد یحییٰ، خالد محمود، ادریس حیدر خواجہ، اظہر علی شاہ، محمد افضل اعوان، وینا مسعود اور ثانیہ ملک کا انتخاب کیا گیا جبکہ سید شاہد علی، خواجہ فاروق سعید، چوہدری محمد یعقوب، سید عاقل شاہ، بریگیڈیئر نواز ملک، بریگیڈیئر (ر) نجم الثاقب اور فاطمہ لاکھانی نائب صدور منتخب ہوئے ۔